Live Updates

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے نامزد ناصر سعید کھوسہ کے خلاف نیب تحقیقات کا انکشاف

سابق چیف سیکرٹری نے عہدہ سنبھانے سے معذرت کرلی‘متازع بنانے کی کوشش کی جارہی ہے-ناصرکھوسہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 31 مئی 2018 14:44

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے نامزد ناصر سعید کھوسہ کے خلاف نیب تحقیقات ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔31 مئی۔2018ء) نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے نامزد ناصر سعید کھوسہ پر نیب کی جانب سے بطور ڈپٹی کمشنر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق ناصر کھوسہ رائیونڈ روڈ سے جاتی امرا سڑک کیس میں ملوث تھے اور 2 ہفتے قبل نیب نے انہیں طلب کرکے رائیونڈ روڈ کے حوالے سے تحقیقات کیں۔

ذرائع کے مطابق ناصر کھوسہ اس دور میں ڈپٹی کمشنر تھے اور نیب کے مطابق بطور ڈپٹی کمشنر ناصرکھوسہ نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ناصرکھوسہ سے ترقیاتی فنڈز رائیونڈ روڈ سے جاتی امرا سڑک پر لگانے کے حوالے سے تحقیقات کی گئیں۔واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود الرشید نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے ناصر سعید کھوسہ کے نام پر اتفاق کیا تھا تاہم گزشتہ روز تحریک انصاف کی جانب سے تحفظات کے بعد نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے ناصر سعید کھوسہ کا نام واپس لے لیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کہا جارہا ہے کہ پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے نامزد کیے گئے سابق چیف سیکرٹری ناصر محمود کھوسہ نے عہدہ سنبھالنے سے معذرت کرلی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ میری نامزدگی واپس لے کر مجھے میڈیا میں متنازع بنا دیا گیا،اس لیے نگراں وزیراعلیٰ کا عہدہ نہ سنبھالنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ناصرکھوسہ کا کہنا ہے کہ اس منصب کے لیے میرا نام تجویز کرنے سے پہلے مشورہ کر لیا جاتا تو بہتر ہوتا، میرے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کیا گیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ شفاف انتخابات کے لیے نگراں وزیراعلیٰ کو سیاسی جماعتوں کا اعتماد حاصل ہونا چاہیے، حالیہ پیدا ہونے والے حالات کے تناظر میں نگراں وزیراعلیٰ کا عہدہ نہیں سنبھال سکتا۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے پہلے بحیثیت نگراں وزیر اعلیٰ تقرری کے لیے ناصر سعید کھوسہ کے نام پر اتفاق کیا گیا تھا، بعد میں تحریک انصاف کی جانب سے انکار سامنے آگیا۔

صوبائی کابینہ نے تحریک انصاف کی جانب سے نام سے دستبردار ہونے کے باوجود متفقہ امیدوار کی حیثیت سے ناصر کھوسہ کا نام نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے واپس نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد ان کی تقرری کی سمری منظوری کے لیے گورنر پنجاب کو بھیج دی گئی تھی۔اب ناصر سعید کھوسہ نے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کا عہدہ سنبھالنے سے خود انکار کردیا۔ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے سمری محکمہ قانون نے گورنر ہاﺅس بھیج دی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گورنر پنجاب آج رات 12بجے نگراں وزیراعلیٰ کی سمری پردستخط کردیں گے، جب سمری گورنر کو ارسال کر دی جائے تو واپس نہیں ہوا کرتی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات