عالمی فٹ بال کپ،سعودی شہری قومی ٹیم کی سوشل میڈیا پر پذیرائی کرنے میں سرگرم

جمعرات 31 مئی 2018 15:16

ریاض۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ جوں جوں قریب آتا جا رہا ہے شائقین فٹ بال بخار میں مبتلا ہوتے جارہے ہیں۔ سعودی شہریوں نے ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کی آمد قریب آنے کے ساتھ ہی اپنی قومی ٹیم کیلئے سوشل میڈیا پر مہم شروع کردی ہے۔ ذرائع ابلاٖغ کے مطابق بین الاقوامی فٹ بال کپ کا آغاز 14 جون سے روس میں گا ۔

اس حوالے سے سعودی عرب کے شائقین فٹ بال سوشل میڈیا پر دنیا بھر میں غیرمعمولی طور پر سرگرم ہیں۔

(جاری ہے)

سعودی شہریوں نے 14 جون 2018ء کو روس میں شروع ہونے والے انٹرنیشنل فٹ بال ٹورنامنٹ کیلئے قومی ٹیم کی سوشل میڈیا بالخصوص ٹویٹر پر بھرپور پذیرائی کیلئے مہم شروع کی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہری ٹویٹر پر قومی ٹیم کی حمایت میں مہم چلانے میں دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ 2018 کے فٹ بال ورلڈ کپ کے حوالے سے ٹویٹس میں جاپان پہلے، سعودی عرب دوسرے اور برازیل تیسرے نمبر پر ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے 97 فی صد ٹویٹر صارفین قومی ٹیم کو جتوانے کیلئے پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔