قانون سازی میں خواتین کے کردار میں اضافہ خوش آئند ہے، نعیمہ کشور

جمعرات 31 مئی 2018 15:19

قانون سازی میں خواتین کے کردار میں اضافہ خوش آئند ہے، نعیمہ کشور
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) رکن قومی اسمبلی نعیمہ کشور نے کہا ہے کہ دیگر شعبوں کی طرح قانون سازی میں بھی خواتین کے کردار میںاضافہ ہوا ہے جو خوش آئند ہے۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کی سیاسی بااختیاری ایک تاریخی قدم ہے اور قیام پاکستان سے لے کر اب تک سیاست میں خواتین کا کردار نمایاں رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طورپر بھی سیاسی میدان میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گزشتہ قومی اسملبی میں بعض خواتین اراکین قومی اسمبلی نے وقفہ سوالات کے دوران سب سے زیادہ سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا ملک پارلیمنٹ میں خواتین کی شرکت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے سیاست میں خواتین کے کردار کو مستحکم بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

نعیمہ کشور نے کہاکہ پاکستان معاشرے کے تمام شعبوں میں خواتین کی شمولیت کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گا اور یہ ہر خاتون کا فرض ہے کہ وہ اپنے بنیادی حقوق کااحساس کرے اور پاکستان کے سیاسی نظام میں مؤثر طورپر شرکت کے لئے آگے بڑھے۔ انہوں نے کہاکہ کوئی بھی معاشرہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ترقیاتی اہداف حاصل نہیں کرسکتاس۔