پاکستان کوسٹ گارڈز نے کارکردگی رپورٹ جاری کردی،

کروڑوں روپے مالیت کی منشیات ، دیگر سامان برآمد

جمعرات 31 مئی 2018 15:19

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) پاکستان کوسٹ گارڈز نے گزشتہ 15دن کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی،کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اور دیگر سامان برآمد۔ ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز کے مطابق ملک دشمن عناصر کی طرف سے اندرون، بیرون ملک اسمگلنگ کے بڑھتے ہوئے رحجان کو روکنے کے لیے پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنی ذمہ داری کے علاقوں میں گشت اور چیکنگ میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہوا ہے۔

پاکستان کوسٹ گارڈز نے گزشتہ 15 دنوں کے دوران مختلف جہگوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے درج زیل اشیاء اور منشیات برآمد کیں۔نانکہ کھاری چیک پوسٹ (بلوچستان) پر چیکنگ کے دوران مختلف مسافر کوچز سے 40 کلو گرام حشیش اور 2 کلو گرام افیون برآمد کرکے 9 اسمگلرزکو گرفتارکر لیا۔ دوسری کارروائی کے دوران کراچی میں سپر ہائی وے کے قریب کوچ کی تلاشی کے دوران ایک مسافر سے 23.500 کلو گرام حشیش برآمد کرکے ملزم کو گرفتارکر لیا گیا جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ مختلف گاڑیوں سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جس میں مختلف کمپنیوں کے موبائل فونز، مختلف گاڑیوں کے ٹائرز، غیر ملکی سگریٹ، چھالیہ اور گٹکا شامل تھا برآمد کر لیا گیاہے۔پاک ایران بارڈر پر کارروائی کرتے ہوئے 5 تارکین وطن کو گرفتار کیا گیا جو غیر قانونی طور پر ایران جانے کی کوشش کررہے تھے۔رپورٹ کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران پکڑی جانے والی منشیات، متفرق اشیاء کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز اس امرکا اعادہ کرتی ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی کاروئیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ وطن عزیز کو اس لعنت سے نجات دلائی جاسکے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔