سینیٹر پروفیسرساجد میر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کے چیئرمین منتخب

جمعرات 31 مئی 2018 15:33

سینیٹر پروفیسرساجد میر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) سینیٹر پروفیسرساجد میر کو قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کا متفقہ طور پر چیئرمین منتخب کرلیا گیا۔ چیئرمین کمیٹی کے انتخاب کے حوالے سے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سینیٹرلیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے سینیٹر پروفیسرساجد میر کو بطور چیئرمین کمیٹی تجویز کیا جس کی تائید سینیٹر عبدالرحمان ملک نے کی۔

نو منتخب چیئرمین کمیٹی نے اراکین کمیٹی کا اعتما دکرنے پر شکریہ ادا کیا اور اراکین کمیٹی نے بھی بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ رکن کمیٹی قائد ایوان سینٹ سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے چیئرمین کمیٹی کو مبارکبا دی اور کہا کہ آزاد کشمیر ، مقبوضہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بہت سی انتظامی تبدیلیاں وقوع پذیر ہوئی ہیں اور مسئلہ کشمیر ایسے مرحلے پر پہنچ چکا ہے کہ جس کے لیے قومی سلامتی کمیٹی کے کئی بار اجلاس بھی ہوچکے ہیں اور ان کے ایجنڈے میں بھی شامل کرکے تفصیلی جائزہ لیا جارہے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قابض بھارتی افواج بارڈر کی مسلسل خلاف ورزی میں مصروف ہے یہ اس قائمہ کمیٹی کی ذمہ داری ہے کہ ان معاملات کو زیادہ سے زیادہ ملکی و بین الاقوامی اہم فورم پر بھر پور اجاگر کرے اس کمیٹی کی ذمہ داری دیگر پارلیمنٹ کی کمیٹیوں کی نسبت مسئلے کے حوالے سے بہت زیادہ ہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے وہاں بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے اس کمیٹی کو متحرک کردار ادا کرنا ہوگا اور مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کے خلاف اقوام متحدہ سمیت دیگر اہم فورم پر بھرپور نمائندگی کرکے بھارت کا چہرہ بے نقاب کرنا ہوگا۔

سینیٹر عبدالقیوم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر انتہائی اہمیت کا حامل معاملہ ہے اور پاکستان کو اس کے لیے کئی جنگیں بھی لڑنا پڑیں۔ پارلیمنٹ کی کمیٹیوں پر کشمیر اور پاکستان کی عوام کو بہت زیاد ہ توقعات ہوتی ہیں ان پر پورا اترنے کے لیے دونوں ایوان کی کمیٹیوں کو مسئلہ کشمیر کی بھرپور تشہیر کرنی چاہیے اور حل کے حوالے سے موثر حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔

سینیٹر لیفٹیننٹ (ر)صلاح الدین ترمذی نے کہا کہ سینٹ کمیٹی کی سفارشات کو ہر جگہ اہمیت ملتی ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اس کو بھر پور اجاگر کریں اور بھارتی مظالم کے خلاف اس کا مکروہ چہرہ دنیا کو عیاں کرنا ہوگا۔ سینیٹرز انوار لعل دین ، ستارہ ایاز اور حاجی مومن خان آفریدی نے بھی نومنتخب چیئرمین کمیٹی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔