انڈونیشیا میں قید کینسر کیمریض پاکستانی ذوالفقار علی انتقال کر گئے

لاہور کے رہائشی ذوالفقار علی17 سال قبل روزگار کی تلاش میں انڈونیشیا گئے تھے

جمعرات 31 مئی 2018 16:55

جکارتہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2018ء) انڈونیشیا میں سزائے موت کے قیدی اور کینسر کے مریض پاکستانی ذوالفقار علی انتقال کر گئے۔ذوالفقار علی کو حالت بگڑنے پر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ ان کے پاس زندہ رہنے کے لیے محض چند گھنٹے ہیں۔انسانی حقوق کے حوالے سے سرگرم غیر سرکاری تنظیم جسٹس پروجیکٹ پاکستان (جے پی پی) کے مطابق ذوالفقار علی کا انتقال ہو گیا ہے۔

جے پی پی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں ذوالفقار علی کی حالت سے آگاہ کرتے ہوئے اپیل کی تھی کہ اس پیغام کو اتنا پھیلایا جائے کہ یہ انڈونیشین صدر جوکووو تک پہنچ جائے اور اس کی پھانسی کی سزا ٹل جائے لیکن وہ اس سے قبل ہی انتقال کر گئے۔اس حوالے سے FreeZulfiqar# (ذولفقار کو رہائی دی جائی) کے پیش ٹیگ کے ساتھ مہم چلائی گئی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ جنوری 2018 میں پاکستان نے انڈونیشیا سے ذوالفقار علی کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر معاف کرنے کی اپیل کی تھی۔

ایوان صدر میں پاکستان کے دورے پر آئے انڈونیشین صدر جوکو وڈوڈو سے ملاقات کے دوران صدر ممنون حسین نے اپنے انڈونیشین ہم منصب سے پاکستانی شہری ذوالفقار علی کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر معاف کرنے کی اپیل کی جس پر انڈونیشین صدر جوکو وڈوڈو کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی کا معاملہ قانونی ہے لیکن پاکستان کی درخواست پر ہمدردی سے غور کیا جائے گا۔

52 سالہ ذوالفقار علی لاہور کے رہائشی اور 5 بچوں کے والد ہیں جو 17 سال قبل روزگار کی تلاش میں انڈونیشیا گئے تھے۔21 نومبر 2004 کو انڈونیشیا کے مغربی صوبے جاوا میں انہیں 3 سو گرام ہیروئن رکھنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا جو کہ ایک بھارتی شہری نے ان پر عائد کیا تھا جو بعد میں واپس لے لیا گیا۔انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق ذوالفقار علی کو 2005 میں ہیروئن رکھنے کے جرم میں پہلی مرتبہ سزائے موت سنائی گئی تھی۔

جسٹس پراجیکٹ پاکستان کے مطابق ذوالفقار علی کو نومبر 2004 کوحراست میں لیا گیا تھا اور تفتیش کے دوران ذوالفقار پر تشدد کرکے بیان لیا گیا۔تشدد کی وجہ سے ذوالفقار علی کو معدے اور گردوں کا ا?پریشن بھی کرانا پڑا تھا، مقدمے کے دوران انہیں ایک ماہ تک کوئی وکیل مہیا نہیں کیا گیا اور نہ ہی پاکستانی سفارت خانے کے کسی اہلکار نے ان سے رابطہ کیا۔

ذوالفقار انڈونیشیا کی مقامی زبان سے ناواقف ہیں اور انگریزی بھی تھوڑی بہت جانتے ہیں۔ انہیں تمام تر عدالتی کارروائی کے دوران انگریزی میں محدود معاونت ہی حاصل ہو پائی۔انڈونیشیا کی پولیس ذوالفقار کے خلاف عائد کیے جانے والے الزامات کے لئے کسی بھی قسم کے ٹھوس شواہد پیش کرنے میں ناکام رہی اس کے باوجود انہیں موت کی سزا سنادی گئی۔جولائی 2016 میں بھی جسٹس پروجیکٹ پاکستان نے ذوالفقار کی رہائی کے لیے ملک گیر مہم چلائی تھی، جس کے نتیجے میں دونوں حکومتوں کے درمیان اس معاملے پر اعلیٰ سطح کی سفارتی بات چیت ہوئی تھی۔