بھارت بیگناہ کشمیریوں کے خلاف اسرائیلی طرز کی کارروائیاں کر رہا ہے،مشترکہ حریت قیادت

مکانات اور پھلوں کے باغات کی توڑ پھوڑ بزدلی کے سوا کچھ نہیں ،دو جون کو ہڑتال کی کال

جمعرات 31 مئی 2018 17:46

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی،، میرواعظ محمد عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں کے بڑھتے ہوئے قتل عام ، جامع مسجد سرینگر اور دیگر مذہبی مقامات کے ارد گرد فورسز کی تعیناتی، غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں پر تشدداور جبر واستبداد کی دیگر کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں اسرائیلی طرز کی کارروائیاں کر رہا ہے۔

مشترکہ قیادت نے بھارتی چیرہ دستیوں کے خلاف دو جون بروز ہفتہ مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑٹال کی کال دی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری میں جاری ایک بیان میںبھارتی فورسز کی طرف سے حریت پسندوں کے رہائشی مکانوں کو مسمار کرنے اورپھلوں کے باغات کو نقصان پہنچانے کے عمل کو بدترین سامراجیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں بزدلی کے سوا کچھ نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مقبوضہ وادی میں اخوانی کلچر کوختم کرنے کے کٹھ پتلی حکمرانوں کے دعوے کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا اس وقت علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا گراف آسمان کو چھو رہا ہے لیکن کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔ انہوںنے پلوامہ میں ایک شہری بلال احمد گنائی کے قتل،، مجاہد کمانڈر زینت الاسلام کے مکان اورپھلوں کے باغ کی تباہی،، شہید نوجوان کے قبروں کی بے حرمتی اور دیگر چیرہ دستیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کشمیر میں تمام اخلاقی، انسانی، مذہبی اقدار کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔

مشترکہ حریت قیادت نے کہا کہ بھارتی تحقیقاتی ادار این آئی اے بے گناہ کشمیریوں کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کر رہا ہے جبکہ قابض انتظامیہ غیر قانونی نظر بندیوں کو طول دینے کے لیے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کابھر پور استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نظر بندوں کو جیلوں میں طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ مشترکہ قیادت نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لینے کیلئے اپنے وفود مقبوضہ علاقے میں بھیجیں اور بھارتی دہشت گردی رکوانے کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔