Live Updates

پارلیمان اور آئین کی بالادستی ہونی چاہیے‘ نواز شریف اور فضل الرحمان، عمران خان اور بلاول کوعدہ کرنا ہوگا کہ وہ کسی کے نہیں بلکہ اسمبلی کے ماتحت ہوں گے

پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا قومی اسمبلی کے الوداعی اجلاس میں اظہار خیال

جمعرات 31 مئی 2018 17:11

پارلیمان اور آئین کی بالادستی ہونی چاہیے‘ نواز شریف اور فضل الرحمان، ..
اسلام آباد۔ 31 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پارلیمان اور آئین کی بالادستی ہونی چاہیے‘ آئین کا احترام سب پر لازم ہے، نواز شریف اور فضل الرحمان، عمران خان اور بلاول کوعدہ کرنا ہوگا کہ وہ کسی کے نہیں بلکہ اسمبلی کے ماتحت ہوں گے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کے الوداعی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ بعض باتیں مستقبل کے مورخ کے سامنے رکھنا ہماری ذمہ داری ہے، اس ایوان کے لیڈر آف دی ہائوس محمد نواز شریف کو واضح اکثریت کے باوجود نااہل کردیا گیا، اگر مسلم لیگ (ن) نے اپنے پتے ٹھیک کھیلے ہوتے تو محمد نواز شریف پر یہ حالات نہ آتے۔

ہم تمام فیصلوں کو پارلیمان کی طاقت سے بدل سکتے تھے۔

(جاری ہے)

ہمیں دوسری جماعتوں کی حمایت بھی حاصل تھی لیکن قومی اسمبلی میں منظور کردہ بل میں ایسی متنازعہ باتیں لکھی گئیں جس سے پورا عمل سبوتاژ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے اگر غلط کیا ہے تو سزا دی جانی چاہیے لیکن اگر نواز شریف یہ کہتے ہیں کہ اس پارلیمان اور آئین کی بالادستی ہونی چاہیے تو ہم سب اس کی حمایت کرتے ہیں‘ جو لوگ اس بات سے اتفاق نہیں رکھتے وہ الیکشن نہ لڑیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو توڑا جارہا ہے‘ ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ن) کی مثال ہمارے سامنے ہے، ایسے میں آئین پر عمل کیسے ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا ہوا‘ خیمے لگائے گئے‘ پارلیمان پر حملہ ہوا‘ حالات سب کے سامنے ہیں کہ کس نے کیا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسا جمہوری پاکستان بنانا چاہتے ہیں جو اکیسویں صدی میں فخر سے سر اٹھا کر کھڑا ہو‘ آئین کا احترام سب پر لازم ہے، نواز شریف عمران خان‘ بلاول اور فضل الرحمان کو وعدہ کرنا ہوگا کہ وہ کسی کے نہیں بلکہ صرف اسمبلی اور پارلیمنٹ کے ماتحت ہوں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات