تمام مسائل کی بنیادی وجہ کتاب اللہ سے دوری ہے ، ناظم اعلی جمعیت

جمعرات 31 مئی 2018 17:11

لاہور۔31 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) رمضان المبارک کا پاک اور بابرکت مہینہ ہے جو ہمیں اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے وہیں مسلم امت کو اللہ تعالیٰ کی بندگی کا صیح معنوں میں حق ادا کرنے کا بھی موقع دیتا ہے، اس وقت مسلم امہ جس بحران کا شکار ہے اس کا بنیادی سبب یہ ہے کہ ہم نے اللہ پاک اور اس کے رسولﷺ کی تعلیمات کو پس پشت ڈال دیا ہے، اس وقت ہمارے معاشی اور معاشرتی مسائل کا حل ہی اس میں ہے کہ ہم اسلام کو بطور دین نافذ کرنے کے لئے عملی اقدامات کریں اور اس عظیم مقصد اور نصب العین کے حصول میں طلبہ و طالبات اپنا کردار انتہائی موثر انداز میں ادا کرسکتے ہیں، ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان محمد عامر نے گزشتہ روزیہاں ایک افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت کے تحت اتنے بڑے پیمانے میں افطار پارٹیز کا انعقاد اس بات کی گواہی ہے کہ جمعیت نے ہمیشہ مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیا ہے، آج ہمارے تمام مسائل کی وجہ اللہ پاک کی کتاب سے دوری ہے، ماہ رمضان میں طلبہ تعلق باللہ سے رشتہ جوڑیں اور قرآن سے تعلق کو مضبوط کریں۔

(جاری ہے)

افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی جمعیت طلبہ جموں و کشمیر کے ناظم خواجہ اظہار احمد نے کہا کہ طلبہ کا اس قدر مثبت سرگرمیوں میں شامل ہونا خوش آئند ہے، جمعیت نے طلبہ کو ہمیشہ مثبت سرگرمیاں فراہم کی ہیں، طلبہ کیلئے ان کے ذوق کے مطابق پروگرام منعقد کئے ہیں۔