خیبرپختونخوا اور پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے معاملے پر تحریک انصاف نے سیاسی نابالغی کا مظاہرہ کیا ہے، مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن

’تحریک یوٹرن‘‘ نے اپنے طرز عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ سیاست کی الف ب سے بھی واقف نہیں ہیں، خواجہ طارق نذیر،حاجی شاہجہان، نورخان اخوندزادہ پاکستان کے باشعور عوام آئندہ عام انتخابات کے بروقت انعقاد اور مسلم لیگ(ن) کی بھرپور کامیابی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے ، عبدالرحیم اعوان ، مہناز اختر

جمعرات مئی 17:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری خواجہ طارق نذیر،نائب صدر حاجی شاہجہان، جوائنٹ سیکرٹری نورخان اخوندزادہ ،لیبرونگ سندھ کے جنرل سیکرٹری عبدالرحیم اعوان اور شعبہ خواتین کراچی کی صدر مہنازاختر نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے معاملے پر تحریک انصاف نے سیاسی نابالغی کا مظاہرہ کیا ہے ۔

’’تحریک یوٹرن‘‘ نے اپنے طرز عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ سیاست کی الف ب سے بھی واقف نہیں ہیں ۔اگر ملک کی باگ دوڑ تحریک انصاف کے ناتجربہ کار سیاست دانوں کے ہاتھوں میں دے دی گئی تو ملک کا مستقبل تاریک ہونے کا خدشہ ہے ۔۔پاکستان کے باشعور عوام آئندہ عام انتخابات کے بروقت انعقاد اور مسلم لیگ(ن) کی بھرپور کامیابی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو جاری بیان میں مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ ملک میں ایک اور جمہوری دور کی کامیابی کے ساتھ تکمیل نے تمام سیاسی قوتوں کی کامیابی ہے۔ملک میں جمہوری نظام اگر اسی تسلسل کے ساتھ چلتا رہا تو قوم کو جلد اس کے ثمرات حاصل ہوںگے ۔انہوںنے کہا کہ وفاق اور صوبوں میں نگراں سیٹ اپ کے قیام کے سلسلے تحریک انصاف نے جس سیاسی ناپختگی کا مظاہرہ کیا ہے اس سے ان کی سنجیدگی کا اظہار ہوگیا ہے ۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے لیے نگراں وزراء اعلیٰ کے لیے پہلے ناموں کی نامزدگی اور پھر ان ناموں کو واپس لینا تحریک انصاف کی یوٹرن پالیسی کا تسلسل ہے۔جو جماعت اپنے فیصلوں پر خود قائم نہیں رہتی اس کے حوالے 22کروڑ عوام کا ملک کیسے کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوگیا ہے ۔بروقت اور شفاف انتخابات کا انعقاد سے ملک کی ترقی منسلک ہے ۔۔انتخابات کے التوا کے لیے کی گئی تمام سازشوں کو ناکام بنادیں گے ۔آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) ترقی کے ایجنڈے کے ساتھ ملک بھر میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور پنجاب کی طرح سندھ ،خیبرپختونخوااور بلوچستان میں بھی حکومت بنا کر تینوں صوبوں کے عوام کو ترقی کے وژن سے متعارف کرائے گی ۔