پی ایس104 ‘ اقلیتی مذہبی وسیاسی جماعتوں کا شاہد بھٹی کی حمایت کااعلان

جمعرات 31 مئی 2018 17:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2018ء) الیکشن 2018کیلئے پی ایس 104سابقہ 114سے کرسچن پیپلزموومنٹ پاکستان نے معروف قانون دان شاہدسعید بھٹی ایڈووکیٹ کو امیدوار نامزد کیاہے۔ سی پی ایم کے مرکزی دفتر میں منعقدہ تقریب میں شاہد سعید بھٹی ایڈووکیٹ کی نامزدگی عمل میں آئی ۔اس موقع پر معروف اقلیتی مذہبی وسیاسی جماعتوں نے شاہد بھٹی ایڈووکیٹ کو کامیاب کرانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اپنی بھرپورحمایت کا یقین دلایا اور عوام سے بھی شاہد بھٹی ایڈووکیٹ کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔

اس موقع پر مسیحی قائدین کا کہنا تھا کہ محمود آباد مسیحی اکثریتی علاقہ ہے اس لئے یہاں سے کامیاب ہونے والے امیدواروں نے ہمیشہ سابقہ پی ایس 114اور موجودہ حلقہ پی ایس 104کے عوام کو محرومیوں کے علاوہ کچھ نہیں دیااس لئے عوام اپنے دکھ سکھ کے ساتھی شاہد بھٹی ایڈووکیٹ کو ووٹ دیکر کامیاب کروائیں تاکہ علاقہ کے مسائل حل ہوسکیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی ایس 104سے نامزد امیدوار شاہد بھٹی ایڈووکیٹ نے کہا کہ مسیحی اکثریتی علاقے سابقہ پی ایس 114کے ساتھ تمام سیاسی جماعتوں نے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیایہاں سے جیت کر اسمبلیوں میں جانے والوں نے کبھی بھی پلٹ کر نہیں دیکھا اس لئے پی ایس 104مسائل کا گڑھ بن چکا ہے، پانی کی فراہمی ونکاسی کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کرچکاہے، ہلکی سے بارش کے بعد اعظم بستی، اعظم ٹائون ، محمودآباد ودیگرعلاقے آمدورفت کیلئے بند ہوجاتے ہیں ۔

شاہد بھٹی ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہاں کا رہائشی ہی علاقے کے مسائل کو سمجھ اور ان کو حل کرسکتا ہے۔اس موقع پر کرسچن پیپلزموومنٹ پاکستان کے چیئرمین یوسف حیدرگل ، بشارت اٹھوال ودیگررہنماء بھی موجود تھے۔