عوام انتخابات میں ایم ایم اے کو ووٹ دیکرظلم ، جبرکے نظام کو پاش پاش کردیں ،ْمیاں محمد اسلم

ہم ایسا نظام چاہتے ہیں کہ عام آدمی کو بھی تعلیم ، علاج ، روزگار اور انصاف جیسی بنیادی سہولتیں اس کی دہلیز پر ملیں آئندہ الیکشن میںقوم چوروں اور لٹیروں کی بجائے دینی جماعتوں کے دیانتدار اور باکردار امیدواروں کو ووٹ دے یونین کونسل سوہان میںافطار پارٹی کے شر کاء سے محمد کاشف چوہدری ، قاری عبد الرزاق، سیف الرحمن ستی کا خطاب

جمعرات 31 مئی 2018 17:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ عوام انتخابات میں ایم ایم اے کو ووٹ دیکرظلم ، جبرکے نظام کو پاش پاش کردیں ،ملک پر مخصوص جماعتیں بار بار حکمرانی کرتی چلی آرہی ہیں جس سے ملک کا ستیاناس ہوگیا ہے،رمضان المبارک کا تقاضہ ہے کہ قوم اپنا محاسبہ کرے اور خود احتسابی کے بعد ایسی قیادت کا انتخاب کرے جو ملک کے اجتماعی مسائل کا ادراک اور انہیں حل کرنے کی صلاحیت رکھنے والی ہو ۔

انھوں نے کہا آئندہ الیکشن میںقوم چوروں اور لٹیروں کی بجائے دینی جماعتوں کے دیانتدار اور باکردار امیدواروں کو ووٹ دے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل سوہان میںافطار پارٹی کے شر کاء سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ،اس موقع پر محمد کاشف چوہدری ، قاری عبد الرزاق، سیف الرحمن ستی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

میاں محمد اسلم نے کہا متحدہ مجلس عمل ملک میں نظام مصطفی ؐ کا نفاذ چاہتی ہے ہم ایسا نظام چاہتے ہیں کہ کسی غریب کا استحصال نہ ہو ۔

عام آدمی کو بھی تعلیم ، علاج ، روزگار اور انصاف جیسی بنیادی سہولتیں اس کی دہلیز پر ملیں ۔ انہوںنے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کی حکومت احتساب کا ایسا مضبوط نظام بنائے گی کہ کوئی بڑے سے بڑا صاحب اختیار بھی احتساب سے بچ نہیں سکے گا ۔انھوں نے کہا رمضان مسلمانوں کو یہ پیغام دیتاہے کہ اگر سربلندی چاہتے ہو تو خوف خدا رکھنے والی جرأت مند قیادت کا انتخاب کرو جو دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکیں ۔

عوام مذہبی جماعتوں کو طعنہ دیتے تھے کہ مذہبی جماعتیں اکھٹی نہیںہوتیں لیکن جب مذہبی جماعتوں نے متحد ہوکر متحدہ مجلس عمل بنائی تو اب کہتے ہیں کہ ایم ایم اے اسلام نہیں اسلام آبا د چا ہتی ہے،انہوں نے کہاکہ اسلام آباد فتح کیے بغیر ملک میں اسلامی شریعت کا نفاذ نہیں ہوسکتا ۔