احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر)محمد صفدر کے خلاف ریفرنس کی سماعت

جے آئی ٹی کو ایسی کوئی دستاویز نہیں ملی جو محمد نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل مل کا شیئر ہولڈر ظاہر کرے ، العزیزیہ کے مالی معاملات دیکھتے ہوں یا العزیزیہ کے لیے مالی اداروں سے ڈیل کرتے ہوں،واجد ضیاء

جمعرات 31 مئی 2018 18:19

احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ،ان کی صاحبزادی مریم نواز اور ممبر قومی اسمبلی کیپٹن (ر)محمد صفدر کے خلاف دائر نیب ریفرنس کی سماعت (آج )جمعہ تک ملتوی کر دی ہے ۔العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی جرح کے دوران جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء نے بتایا کہ دوران تفتیش ایسی کوئی دستاویز نہیں ملی کہ جس سے ثابت ہو کہ محمد نوازشریف العزیزیہ اسٹیل مل کے مالک ہیں۔

جمعرات کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کی تو اس موقع پر سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ،ان کی صاحبزادی مریم نواز اور ممبر قومی اسمبلی کیپٹن (ر)محمد صفدر عدالت میں پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کے بیان پر سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے وکیل نے جرح کی۔ جرح کے دوران جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء نے کہا کہ جے آئی ٹی کو ایسی کوئی دستاویز نہیں ملی جو محمد نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل مل کا شیئر ہولڈر یا ڈائریکٹر ظاہر کرے یا وہ مل کا کاروبار یا معاملات چلاتے ہوں۔

واجد ضیاء نے مزید کہا کہ ایسی کوئی دستاویز نہیں ملی جو ظاہر کرے کہ محمد نوازشریف العزیزیہ کے مالی معاملات دیکھتے ہوں یا وہ العزیزیہ کے لیے بینکوں یا مالی اداروں سے ڈیل کرتے ہوں۔واجد ضیاء نے کہا 'دستاویزی ثبوت نہیں جو ظاہر کرے کہ محمد نواز شریف نے العزیزیہ کی کسی دستاویز پر کبھی دستخط کیے ہوں۔ جے آئی ٹی کے سربراہ نے کہا کہ براہ راست کسی گواہ نے بیان نہیں دیا کہ محمد نواز شریف العزیزیہ مل کے مالک ہیں جس پر محمد نواز شریف کے وکیل نے کہا کہ کیا کسی نے کہا کہ محمد نواز شریف العزیزیہ اسٹیل مل کے شیئرہولڈر ہیںجس پر واجد ضیاء نے کہا کہ دو گواہوں شہباز شریف اور محمد نواز شریف نے خود بالواسطہ اشارہ دیا کہ محمد نواز شریف شیئر ہولڈر ہیں جب کہ شہباز شریف نے کہا تھا کہ حسین نواز محمد نواز شریف کی طرف سے شیئر ہولڈر ہیں جب کہ رابعہ شہباز میری طرف سے اور عباس شریف شیئر ہولڈر ہیں۔

واجد ضیاء نے کہا کہ شیئر ہولڈر بھی مالک ہونے کی ایک قسم ہے اور اگر شیئر ہولڈنگ کی بات آجائے تو واضح ہوجائے گی۔واجد ضیاء نے کہا کہ یہ درست ہے کہ محمد نواز شریف اور شہباز شریف نے بیا ن دیا کہ العزیزیہ میاں محمد شریف نے قائم کی اور انہوں نے ہی حسین نواز، رابعہ شہباز اور عباس شریف کو شیئر ہولڈر بنایا۔جے آئی ٹی سربراہ نے کہا کہ محمد نواز شریف کے ڈالر اکاؤنٹ میں ویلتھ اسٹیٹمنٹ پاکستانی روپے میں بطور تحائف ظاہر کی گئی اور یہ رقم حسین نواز کی طرف سے بطور تحفہ بھیجی گئی۔عدالت نے مذید سماعت جمعہ تک کے لئے ملتوی کر دی ہے ۔