سموگ کمیشن نے سپریم کورٹ میں اپنی رپورٹ جمع کرا دی

آلودگی کا باعث بننے والے صنعتی یونٹس کے خلاف کارروائی ،ائیر انڈکس تین سو ہونے پرشہر میں ایمرجنسی سائرن بجانے کی سفارش

جمعرات 31 مئی 2018 18:22

لاہور۔31 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) سموگ کمیشن نے سپریم کورٹ میں اپنی رپورٹ جمع کرا دی ہے جس میں آلودگی کا باعث بننے والے صنعتی یونٹس کے خلاف کارروائی کرنے اور ائیر انڈکس تین سو ہونے پرشہر میں ایمرجنسی سائرن بجانے کی سفارش کی گئی ہے ۔سپریم کورٹ کی ہدایت پر ڈاکٹر پرویز حسن کی سربراہی میں قائم سموگ کمیشن نے چھتیس صفحات پر مشتمل رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کر دی،کمیشن نے اپنی سفارشات پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سموگ سے بچنے کے لئے اینٹوں کے بھٹوں اورآلودگی کا باعث بننے والے صنعتی یونٹس کے خلاف کاروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نئے درخت لگائے جائیں اور پرانے درختوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے،رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ائیر کوالٹی انڈیکس تین سو سے بڑھنے پر شہر بھر میں ایمرجنسی سائرن بجائے جائیں،محکمہ ماحولیات شہریوں میں ماسک تقسیم کرے اور انہیں سموگ سے نمٹنے کے لئے آگہی فراہم کرے،رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ نئے صنعتی یونٹس شہروں سے باہرآبادی سے ہٹ کر لگائے جائیں،قریبی ہمسائیہ ممالک اور خطے کے ممالک سے سموگ سے بچاو کے معاہدہ جات کئے جائیں،ائیر کوالٹی انڈیکس کو روزانہ کی بنیاد پر جاری کیا جائے،ماحولیاتی مانیٹرنگ یونٹس کو فعال بنایا جائے،محکمہ صحت،محکمہ ماحولیات،محکمہ جنگلات اور دیگر متعلقہ محکموں کے درمیان روابط کو فعال بنایا جائے،سموگ کمیشن کے دیگر ممبران میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب انوار حسین،قانون دان شیراز ذکاء ایڈووکیٹ،بئیرسٹر سارہ بلال،صوبائی سیکرٹری صحت نجم احمد شاہ،لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر انوارلحق پنوں شامل ہیں۔