سپریم کورٹ نے نندی پور پاور پراجیکٹ منصوبے پر آنے والی لاگت، پیدا ہونے والی بجلی اور ٹھیکے کی تفصیلات طلب کرلیں

جمعرات 31 مئی 2018 21:39

لاہور۔31 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) سپریم کورٹ نے نندی پور پاور پراجیکٹ منصوبے پر آنے والی لاگت، پیدا ہونے والی بجلی اور ٹھیکے کی تفصیلات طلب کر لیں۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت نندی پور پاور پراجیکٹ پر کام سے ہٹائے جانے والے واپڈا ملازمین نے عدالت کو بتایا کہ چینی کمپنی کو آپریشن اور مرمت کا ٹھیکہ دے کر واپڈاملازمین کو گدو اور مظفر آباد پاور پلانٹس پر بھجوا دیا گیا ہے جبکہ ان کی تنخواہیں بھی روک لی گئی ہیں۔

سرکاری وکیل نے تفصیلی جواب داخل کرنے کی استدعا کی اور یقین دلایاکہ واپس بھجوائے گئے واپڈا ملازمین کوتنخواہیں ادا کر دی جائیں گی۔ عدالت نے واپس بھجوائے گئے نندی پور پاور پلانٹ کے واپڈا ملازمین کو آئندہ سماعت تک نئی جگہوں پر ڈیوٹی جوائن کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے سماعت تین یوم تک ملتوی کرتے ہوئے نندی پور پاور پراجیکٹ منصوبے پر آنے والی لاگت، پیدا ہونے والی بجلی اور چینی کمپنی سے کئے جانے والے ٹھیکے کی تفصیلات طلب کر لیں۔