سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ کے مابین باہمی تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جمعرات 31 مئی 2018 18:33

سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2018ء) سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ کے مابین باہمی تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے ہیں۔ اس کے مطابق دونوں ادارے چین پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) اور بیلٹ اینڈ روڈ کے منصوبے کے مختلف موضوعات پر تحقیق میں تعاون کریں گے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت عوام الناس اور خصوصاً نوجوانوں میں مالیاتی نظم، بچتوں اور سرمایہ کاری کی اہمیت اور کمپنیوں کی رجسٹریشن کے حوالہ آگہی پیدا کرنے کیلئے بھی مشترکہ سیمینار اور کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی۔

ایس ای سی پی کے کمشنر انویسٹر ایجوکیشن اور بین الاقوامی تعلقات شوذب علی اور پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مصطفی ٰحیدر سید نے ایس ای سی پی کے صدر دفتر میں ہونے والی تقریب میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایس ای سی پی کے کمشنر شوذب علی نے کمیشن کی جانب سے عوام میں مالیاتی نظم اور سرمایہ کاری سے آگہی پیدا کرنے کیلئے جمع پونچی پروگرام کے تحت کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار کیلئے بہتر ماحول فراہم کرنے اور نئے کاروبار شروع کرنے کے رجحان کو فروغ دینے کیلئے ضروری ہے کہ عوام میں مالیاتی نظم اور آگہی پیدا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ایس ای سی پی اور پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ کا باہمی تعاون پاکستان کے مالیاتی شعبے اور کپیٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری میں اضافے کے حوالے سے معاون و مدگار ہو گا۔

ایس ای سی پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر خالدہ حبیب نے ایس ای سی پی کے انویسٹر ایجوکیشن پروگرام جمع پونجی کے تحت کئے گئے اقدامات اور سرمایہ کاروں کی آگہی کے لئے شروع کئے گئے اس پروگرام کے مقاصد سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں میں مالیاتی خواندگی پیدا کرنے کیلئے ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں پیشہ ور ماہرین معلومات و آگہی فراہم کرتے ہیں۔ اس موقع پر پاکستان چین انسٹیٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مصطفی حیدر سید نے کہا کہ وہ سی پیک کے تناظر میں مالیاتی آگہی اور پیدا ہونے والے مواقع سے نوجوان کو آگاہ کریں گے اور انویسٹر ایجوکیشن کے مقاصد کے حصول کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیں گے۔