علی جہانگیر صدیقی کی امریکہ میں پاکستانی سفیر تعیناتی ملک کیلئے باعث شرمندگی ہے ،ْ اسلام آباد ہائی کورٹ

جمعرات 31 مئی 2018 18:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہاہے کہ علی جہانگیر صدیقی کی امریکہ میں پاکستانی سفیر تعیناتی ملک کیلئے باعث شرمندگی ہے، ملک کا امیج عزیزہے، پاکستان کوشرمندگی سے بچانا چاہتے ہیں۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے علی جہانگیر صدیقی کی امریکا میں پاکستانی سفیر تعیناتی کیخلاف کیس کی سماعت کی، درخواست گزار شہزاد صدیق علوی ایڈووکیٹ کے وکیل حسن مان ایڈووکیٹ نے کہا کہ علی جہانگیر صدیقی سفیر بننے کی اہل نہیں۔

(جاری ہے)

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ اٹارنی جنرل بتائیں کے علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی پاکستان کے لئے باعث شرمندگی نہیں ہے، اٹارنی جنرل نے کہا کہ مجھے اس بات پر کوئی شبہ نہیں ہے، عدالت کے تحفظات بالکل درست ہیں۔عدالت نے کہا کہ کیا ہی اچھا ہوتا علی جہانگیر صدیقی بطور سفیر تعیناتی قبول نہ کرتے، اس معاملے کو نئی حکومت کے آنے تک ملتوی کر دیتے ہیں، اگر عدالت علی جہانگیر کی تقرری کیخلاف درخواست کو منظور کر لے تو پھر اس کے مضمرات کیا ہوسکتے ہیں، نگران حکومت علی جہانگیر صدیقی کی تقرری کا فیصلہ نہیں کرسکتی، نئی حکومت کو آنے دیں، مقدمے کی سماعت 4 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔