کراچی ،شاہنوازبھٹوکالونی میں گیس کی لائن پھٹ گئی،آگ کے شعلے آسمان کو چھونے لگے،علاقے میں خوف وہراس

جمعرات 31 مئی 2018 18:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2018ء) نارتھ کراچی کے علاقے شاہنوازبھٹوکالونی میں گیس کی سپلائی دینے والی مین لائن پھٹنے سے آگ بھڑک گئی ،آگ کے شعلے بلند ہونے سے علاقہ عوام کی بڑی تعدادجمع ہوگئی،جس کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ اوخواجہ اجمیر نگری رائوظہیر موقع پر پہنچ گئے اور پہلے سے موجودپاکستان مسلم لیگ ن کے پی ایس 98کے صدروقارحسین گورچانی ودیگرکے ہمراہ آگ پر قابوپاکر گیس لائن کی مرمت کروائی۔

اس موقع پر موجودعلاقہ مکینوں نے فوری ایکشن پر ایس ایچ اوخواجہ اجمیر نگری رائوظہیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ رائوظہیر نے بروقت موقع پر پہنچ کر فرض شناسی کی بہترین مثال قائم کی ہے،جبکہ ن لیگی رہنماوقارحسین گورچانی اس سلسلے میں کاوشیں بروئے کارلانے پر شکریہ اداکیا،انہوں نے مطالبہ کیاکہ ذمہ داران کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق یوسی چیئرمین اور وارڈکونسلر کی جانب سے شاہنوازبھٹوکالونی ارسلان ہومزکے نزدیک مین روڈپر پانی کی لائن کے لئے کھدائی کی گئی تھی جس کے باعث گیس کی لائن لیک ہوگئی تھی لیکن یوسی چیئرمین اور کونسلر نے علاقہ مکینوں کے اصرارکے باوجود گیس لائن کی مرمت نہیں کرائی جس کی وجہ سے گیس کی لائن مزید پھٹ گئی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی،آگ کے شعلے آسمان کو چھونے اور عوام کی بڑی تعدادجمع ہونے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا،جس پر علاقہ مکینوں نے سوئی گیس کے ٹھیکیدارکو اطلاع دی لیکن اس نے کوئی توجہ نہیں دی جبکہ اطلاع کے باوجود سوئی سدرن گیس کمپنی کا عملہ نہیں پہنچا۔

بعدازاں عوام کے جم غفیر کے جمع ہونے اور امن وامان کے خدشات کے پیش نظر ایس ایچ اوخواجہ اجمیر نگری نے موقع پر پہنچ کر گیس لائن کی مرمت کروائی۔ ایس ایچ اورائوظہیر نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ عوام اگر بروقت اطلاع دیں تو پولیس کے لئے کارروائی میں آسانی ہوجاتی ہے۔ن لیگی رہنماوقارحسین گورچانی نے اپنی گفتگومیں کہاکہ امن وامان کے قیام کے لئے فوری کارروائی کرکے ایس ایچ اورائوظہیر نے عوام کے دل جیت لئے ہیں،عوام اور پولیس باہمی رابطوں سے جرائم اور مسائل کے خاتمے میں کرداراداکرسکتے ہیں۔