2018ء کے انتخابات جھوٹے وعدے اور بے بنیاد دعوے کرنے والوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوں گے،عبدالجبار خان

جمعرات 31 مئی 2018 18:37

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی رہنما اور وزیراعلیٰ سندھ کے سابق مشیر عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ 2018ء کے انتخابات جھوٹے وعدے اور بے بنیاد دعوے کرنے والوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے برسراقتدار آنے والی مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پوری قوم کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔

(جاری ہے)

آج بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ جوں کی توں برقرار ہے۔ سندھ کے حصے کا پانی روک کر سندھ کی زمینوں کو بنجر بنایا گیا۔ سندھ کی ترقی کے حصے کے پیسے آج تک ادا نہیں کئے جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) صرف لاہور کو پاکستان سمجھتی ہے باقی دیگر صوبوں کو جس طرح نظرانداز کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ اب قوم نے خود دیکھ لیا ہے کہ جو پانچ سال تک ترقی اور خوشحالی کے دعوے کررہے تھے وہ خود جگہ جگہ رسوا ہورہے ہیں۔