پھر حکومت کرنے کا موقع ملا تو خواجہ سرائوں کے تحفظ کا بل پنجاب اسمبلی سے پاس کرایا جائیگا،حنا پرویز بٹ

جمعرات 31 مئی 2018 18:42

لاہور۔31 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کو آئندہ الیکشن میں پھر حکومت کرنے کا موقعہ ملا تو خواجہ سرائوں کے تحفظ کا بل پنجاب اسمبلی سے پاس کرایا جائیگا، خواجہ سرائوں کا الیکشن میں حصہ لینا پر امن اور خوشحال معاشرے کی علامت ہے، اقلیتوں کی طرح خواجہ سرائوں کی بھی اسمبلیوں میں نمائندگی ہونی چاہئے، محروم اور پیسے ہوئے طبقات کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ریاست کی اولین ترجیحی ہونی چاہئے، مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواجہ سرائوں کے وجود کو تسلیم کرنے کا بل پیش کیا اور ان کو ووٹ کا حق دیا ہے، یہ آزاد اور خود مختار ریاست کی نشانی ہے کیونکہ جب تک محروم طبقے کے افراد کو آگے آنے کا موقع نہیں فراہم کیا جائے ۔

(جاری ہے)

اس وقت ہم خوشحال ممالک کی صف میں کھڑے نہیں ہو سکتے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ سرائوں کی اسمبلیوں میں نمائند گی ہونا بہت ضروری ہو چکا ہے تاکہ یہ لوگ اسمبلیوں میں پہنچ کر اپنی کمیونٹی کے لوگوں کے مسائل کو اجاگر کر سکیں اور ان کے حل کیلئے تجاویز پیش کر سکیں۔