انڈونیشیائی حکومت کی ہٹ دھرمی، منشیات مقدمے میں قید کینسر کا مریض پاکستانی ذوالفقار علی جاں بحق

ذوالفقار علی کے فلیٹ سے مبینہ طور پر 330گرام ہیروئن برآمد ہوئی تھی

جمعرات 31 مئی 2018 19:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2018ء) انڈونیشیائی حکومت کی ہٹ دھرمی کے باعث منشیات کے مقدمے میں قید کینسر کا مریض پاکستانی ذوالفقار علی جان کی بازی ہار گیا ۔ انڈونیشیائی صدر نے دورہ لاہور کے دوران انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہائی کی یقین دہانی کروائی لیکن بعد ازاں معاملہ سرد خانے کی نظر ہوگیا تھا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز انڈونیشیا میں قید پاکستانی ذوالفقار علی دم توڑ گیا ذوالفقار علی کے فلیٹ سے مبینہ طور پر 330گرام ہیروئن برآمد ہوئی تھی لیکن ذوالفقار علی بے گناہی کے باوجود چودہ سال تک قید رہا اور اسی دوران کینسر میں مبتلا ہونے پر جنوری میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ آخری سانس تک زیر علاج رہا واضح رہے کہ انڈونیشیائی صدر کے دورہ لاہور کے موقع پر حکومت پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کرنے کی اپیل کی تھی جس پر غور کرکے عملدرآمد کا عندیہ بھی دیا گیا لیکن بعد ازاں معاملہ سرد خانے کی نظر ہوگیا گزشتہ روز ذوالفقار علی سانسوں کی ڈور ٹوٹ گئی اور اہلخانہ کی اپنے پیارے کے دیدار کی خواہش ادھوری رہ گئی