تمام سیاسی جماعتوں کی دور اندیشی اور تدبر سے ہم نے جمہوریت کے سفر میں ایک اور منزل طے کرلی، شیخ آفتاب احمد

‘ ہمارے لئے خوشی کا مقام ہے کہ آج پانچ سالہ مدت پوری کرکے رخصت ہو رہے ہیں‘ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جمہوری قدروں میں استحکام آرہا ہے، قومی اسمبلی میں اظہار خیال

جمعرات 31 مئی 2018 19:31

تمام سیاسی جماعتوں کی دور اندیشی اور تدبر سے ہم نے جمہوریت کے سفر میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2018ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی دور اندیشی اور تدبر سے ہم نے جمہوریت کے سفر میں ایک اور منزل طے کرلی‘ ہمارے لئے خوشی کا مقام ہے کہ آج پانچ سالہ مدت پوری کرکے رخصت ہو رہے ہیں‘ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جمہوری قدروں میں استحکام آرہا ہے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پارلیمانی امور کے وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ پارلیمان پانچ سال مکمل کر رہی ہے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے علاوہ سپیکر‘ ڈپٹی سپیکر اور عملے کا اہم کردار رہا ہے۔تمام سیاسی جماعتوں کی دور اندیشی اور تدبر سے جمہوریت کا سفر آگے کی طرف چلا۔ 1990ئ میں پہلی بار ایم این اے منتخب ہوا۔

(جاری ہے)

وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جمہوری قدریں مستحکم ہوئیں اور نفرتیں کم ہوئیں۔ میں سینٹ میں بھی جاتا رہا ہوں‘ وہاں پر سیاسی تقسیم کی صورتحال نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ خورشید شاہ کے شکرگزار ہیں جنہوں نے اپوزیشن لیڈر کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کیں۔ہمارے لئے آج خوشی کا مقام ہے کہ پانچ سالہ مدت کی تکمیل کے بعد ہم باعزت طریقے سے عوام کے پاس دوبارہ جارہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ مستقبل کے فیصلے وہ ہوں جو اس ملک کے لئے بہترہوں۔ ہمارا مطمع نظر ایک مضبوط‘ ترقی یافتہ اور جدید پاکستان ہے۔ افواج‘ میڈیا‘ اداروں نے ملک کے حالات کی بہتری کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ میڈیا نے ہمارا پیغام پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔