او جی ڈی سی ایل انتظامیہ فان گیس کمپنی پر مہرباں، 5کروڑ روپے کی چھوٹ دیدی

فان گیس کو چندا آئل فیلڈ سی5میٹرک ٹن ایل پی جی کا کوٹہ دیا جارہا ہے، او جی ڈی سی ایل میں اہم پوسٹوں پر سیاسی لوگ بھرتی ،سابق سیکرٹری 1.5 لاکھ کا ٹیکہ لگا کر رفو چکر ہوگئے

جمعرات 31 مئی 2018 19:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2018ء) اوجی ڈی سی ایل انتظامیہ نے نجی ایل پی جی کمپنی فان گیس پر مہربان ہوگئی،کمپنی کو چنداآئل فیلڈ سے ایل پی جی کا کوٹہ دینے کے ساتھ ساتھ گارنٹی کی5 کروڑ روپے وصول کرنا بھی بھول گئی جس پر نہ کرپٹ مافیا نے تحقیقات کیں اور نہ5 کروڑ وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے۔او جی ڈی سی ایل ملک کی سب سے بڑی آئل کمپنی ہے جس میں کرپشن اور بدعنوانی کی کئی داستانیں رقم ہوتی ہیں۔

گزشتہ روز وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی ایل پی جی کوٹہ میں بندر بانٹ پر پردہ چاک کیا تھا۔سرکاری دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ فان گیس چندا آئل فیلڈ سی5میٹرک ٹن ایل پی جی حاصل کرنے میں مصروف ہے،قانون کے مطابق کمپنی کورس کوٹہ کے عوض5کروڑ روپے کی بنک گارنٹی دینا ضروری تھا لیکن او جی ڈی سی ایل کے افسران نے کمپنی سے نہ تو یہ پانچ کروڑ کی گارنٹی لی اور نہ اب تک وصول ہوئی ہے،اعلیٰ افسران نے سکینڈل کا منظر عام پر آنے کے باوجود ذمہ داروں کیخلاف کارروائی نہ کی اور نہ تحقیقات کرنے کی زخمت گوارہ کی ہے۔

(جاری ہے)

اوجی ڈی سی ایل کے متعلق سرکاری دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ او جی ڈی سی ایل میں سیاسی بنیادوں پر بھرتیوں کے نتیجہ میں قومی خزانہ کو3کروڑ68 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے،پیشہ وارانہ پوسٹوں پر نااہل لوگ سیاسی بنیادوں پر بھرتی ہوتے ہیں،3افسران کو اہم پوسٹوں پر بھرتی کرتے وقت قواعد وضوابط کی دھجیاں بکھیری گئی تھیں۔دستاویزات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ اوجی ڈی سی ایل کے سیکرٹری نے خفیہ طریقہ سے ٹیکنیکل الاؤنسز اپنی تنخواہ میں شامل کرلئے اور15 لاکھ روپے کا ٹیکہ ادارہ کو دے کر چلتے بنے۔اعلیٰ اختیارات کے حامل افسران نے یہ فنڈز واپس لینے کی ہدایت کی ہے لیکن او جی ڈی سی ایل میں موجود کالی بھیڑ اس ملزم کو بچانے میں مصروف ہیں۔