پارلیمان کا مدت مکمل کرنا خوش آئند ہے،پاکستان میں جمہوریت کا تسلسل چاہتے ہیں، صاحبزادہ طارق اللہ

جمعرات 31 مئی 2018 19:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2018ء) جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا ہے کہ ہم پاکستان میں جمہوریت کا تسلسل چاہتے ہیں اس سے اچھے اور بہتر لوگ اسمبلیوں میں آئیں گے‘ انتخابات بروقت ہونے چاہئیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو قومی اسمبلی کے الوداعی اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے صاحبزادہ طارق اللہ نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں وزرائ اعظم کو قتل کیا گیا‘ انہیں عہدوں سے ہٹایا گیا‘ موجودہ پارلیمان نے اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کی ہے جو خوش آئند ہے۔

ہم پاکستان میں جمہوریت کا تسلسل چاہتے ہیں اس سے اچھے اور بہتر لوگ اسمبلیوں میں آئیں گے۔ اس پارلیمنٹ نے فاٹا کے عوام کے لئے تاریخی قانون سازی کی ہے۔ اس ایوان نے قرآن کے ناظرے کا بل پاس کیا ہے یہ ایک بڑی نیکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات بروقت ہونے چاہئیں اور اس میں کسی تاخیر کی گنجائش نہیں ہے۔ اس بات پر سب کا اتفاق رائے ہے۔