سپیکر کی تحمل اور برداشت کی وجہ سے ایوان نے پانچ سال مکمل کئے ہیں، نواب یوسف تالپور

جمعرات 31 مئی 2018 19:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور نے کہا ہے کہ سپیکر کی تحمل اور برداشت کی وجہ سے ایوان نے پانچ سال مکمل کئے ہیں۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کے الوداعی اجلاس میں نکتہ اعتراض پر یوسف تالپور نے ہائوس کو بہتر طریقے سے چلانے پر سپیکر کے کردار کو سراہا اور کہا کہ تحمل‘ برداشت اور بردباری سے اس ہائوس نے پانچ سال کی مدت مکمل کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کل ایف آئی اے نے ایک پریس ریلیز جاری کی جس میں کہا گیا کہ 2011ئ میں وزیراعظم نے میرے حلقے کے لئے جو فنڈز دیئے تھے اس میں خورد برد ہوئی ہے، یہ پری پول رگنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2011ئ میں جو سڑک بنی تھی کیا وہ اس حالت میں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز اراکین کے پاس نہیں بلکہ متعلقہ محکموں کے پاس ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ 2011ئ میں بدترین سیلاب آیا تھا اور وزیراعظم نے دورہ بھی کیا تھا۔