کراچی: پولیس نے لے پالک بچی پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈالنے والے شخص کو گرفتار کر لیا

جمعرات 31 مئی 2018 19:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2018ء) کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس نے لے پالک بچی پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈالنے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔ لیاری کے علاقے کلاکوٹ کے رہائشی جاوید نے اپنی لے پالک بچی سے پیر چٹوانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اًپ لوڈ کی تھی۔ ویڈیو میں ملزم کو بچی پر تشدد کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

بچی کی ویڈیو وائرل ہونے پر علاقہ مکینوں نے ملزم کو پکڑ کر اس پر تشدد کیا، تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

دوسری جانب علاقے میں جمع ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے ہوائی فائرنگ بھی کی، اسی دوران گولی کا خول لگنے سے ایک شخص معمولی زخمی ہو گیا۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) کلاکوٹ رستم خان نے بتایا کہ ہجوم کافی مشتعل تھا اور پولیس نے ملزم کو بہت مشکل سے ان سے چھڑوایا۔ ملزم کے خلاف بچوں کے استحصال کی دفعات کے تحت کلا کوٹ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے بچے نہ ہونے پر سالی کی بیٹی کو گود لیا تھا۔# رضوان شاہ)