کے پی فوڈ اتھارٹی کا رمضان کریک ڈان جاری،

عوامی شکایات پر پشاور میں بورڈ بازار کا معائنہ، درجنوں وارننگ نوٹسز جاری، کھلے خوراک کے روزگار سے وابستہ افراد کیلئے ایک مہینے کی ڈیڈلائن، صوبہ بھر میں چار بیکریاں سیل

جمعرات 31 مئی 2018 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2018ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے عوامی شکایات پر ایکشن لیتے پوئے پشاور بورڈ بازار میں واقع قصاب خانوں اور مرغی خانوں کی چیکنگ کی اور درجنوں افراد کو وارننگ نوٹسز جاری کردئے ۔ جبکہ دوسری جانب اشیائے خوردونوش کے روزگار سے وابستہ ریڑھی بانوں کو سدھرنے کیلئے تیس دن کی مہلت دی گئی ہے۔

ترجمان کے پی فوڈ اتھارٹی عطااللہ خان کے مطابق کمپلینٹ سیل پر پشاور بورڈ بازار میں واقع مرغ شاپ اور قصائیوں کے دوکانوں سے متعلق درجنوں شکایات موصول ہوئیں جس پر کاروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سائرہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر انیلہ محبوب نے ٹیم کے ہمراہ بورڈ بازار کا دورہ کیا اور قصائیوں اور مرغ شاپ کی چیکنگ کی۔

(جاری ہے)

ٹیم نے تمام دوکانداروں کو ذاتی اور دوکان کی صفائی کی تلقین کرتے ہوئے درجنوں وارننگ نوٹسز جاری کئے جبکہ ان وارننگ نوٹسز کے ایک مہینے بعد ان دوکانوں کی دوبارہ چیکنگ ہوگی اور عملدرآمد نہ ہونے پر کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ریڑھیوں پر کھلے اشیائے خوردونوش بیچنے والوں کو صفائی اور قبلہ درست کرنے کیلئے ایک مہینے کی مہلت دی گئی ۔ دوسری جانب کوہاٹ میں کے پی فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر عدنان بیکرز کو تالے لگادئے جبکہ ایبٹ آباد میں صفائی کی غیر یقینی صورتحال پر شملہ بیکرز کے چاروں یونٹس کو سیل کردیا۔ اسی طرح تین مزید بیکریوں کو عدم صفائی اور گندگی پر سربمہر کیا گیا۔