کوہاٹ میں پانچ تھانوں کے ایس ایچ اوزاور ٹریفک انچارج سمیت متعددپولیس افسران کا تبادلہ

جمعرات 31 مئی 2018 20:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2018ء) کوہاٹ میں پانچ تھانوں کے ایس ایچ اوزاور ٹریفک انچارج سمیت متعددپولیس افسران کو تبدیل کردیا گیا ہے۔ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے شہر بھر میںامن عامہ کو برقرار رکھنے،جرائم پر مئوثر کنٹرول حاصل کرنے اور کمیونٹی پولیسنگ کے مطلوبہ اہداف حاصل کرنے کی خاطرتھانوں کے ایس ایچ اوز اور ٹریفک انچارج سمیت 9پولیس افسران کو تبدیل کردیا ہے جبکہ دو تھانوں کے ایس ایچ اوز کو لائن حاضر کردیا گیا ہے۔

کوہاٹ کے ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کے دستخط سے جاری پولیس افسران کے تبادلوں اور تقرریوں پر مبنی اعلامیہ کے مطابق ایس یچ او تھانہ چھائونی انسپکٹر محمد علی کو تبدیل کرکے ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید تعینات کردیا گیاجبکہ ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید اسلام الدین کو ایس ایچ او تھانہ لاچی اور انکے پیش رو ایس ایچ او تھانہ لاچی طاہر نواز کو لائن حاضر کردیا گیا۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق سب انسپکٹر داد محمد کو پولیس لائن سے ایس ایچ او تھانہ بلی ٹنگ تعینات کرکے انکے پیش روآصف حیات کو لائن حاضر کردیا گیاہے۔اسی طرح ایس ایچ او تھانہ سٹی فیاض خان کو ایس ایچ او تھانہ چھائونی اورانچارج ٹریفک پولیس محمد وقاص کو ایس ایچ او تھانہ سٹی کے منصب کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں جبکہ پولیس لائن سے محمد اقبال کو انچارج ٹریفک موٹر ڈرائیونگ سکول تعینات کرکے اس منصب پر فائز عرب جان کوتبدیل کرکے انچارج ٹریفک پولیس تعینات کردیا گیا ہے ۔تبادلوں اور تقرریوں کا یہ اعلامیہ فوری طور پر نافذالعمل ہوگا اور تبدیل ہونیوالے پولیس افسران کو اپنے نئے جائے تعیناتی پر فی الفور رپورٹ کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔