نگران وزیراعلی کے نام پر پی ٹی آئی کا یوٹرن سیاسی نا پختگی کی علامت ہے، صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

ایم ایم اے پاکستان پر امریکہ کی بجائے اللہ کی حکمرانی چاہتی ہے۔ عالمی طاقتوں کی طرف سے الیکشن کو سبوتاژ کرنے کا انکشاف تشویشناک ہے، مرکزی سیکرٹری جنرل جمعیت علمائے پاکستان

جمعرات 31 مئی 2018 20:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ نگران وزیراعلی کے نام پر پی ٹی آئی کا یوٹرن سیاسی نا پختگی کی علامت ہے۔ ایم ایم اے پاکستان پر امریکہ کی بجائے اللہ کی حکمرانی چاہتی ہے۔ عالمی طاقتوں کی طرف سے الیکشن کو سبوتاژ کرنے کا انکشاف تشویشناک ہے۔

بلوچستان اسمبلی کی ایک ماہ کے لئے الیکشن ملتوی کرنے کی قرارداد ناقابل قبول ہے۔ الیکشن میں ایک گھنٹے کی تاخیر بھی نہیں ہونی چایئے۔ اب سلطانی جمہور کے خلاف سازشوں کی کوئی گنجائش نہیں رہی۔ جسٹس (ر) ناصر الملک کے نگران وزیراعظم بننے سے شفاف انتخابات کی امید کو تقویت ملی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے متحدہ مجلس عمل کے راہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے ناصر کھوسہ کے نام سے پسپائی اختیار کر کے رسوائی کمائی ہے۔ عالمی طاقتیں پاکستان کے خلاف گھیرا تنگ کر رہی ہیں۔ قوم متحد ہو کر ملک دشمن سازشوں کو ناکام بنائے۔ ٹرمپ ڈاکٹرائین دنیا کے لئے خطرہ بن چکی ہے۔ امریکہ کو سمجھنا ہو گا کہ طاقت کے ذریعے مسائل حل کرنے کا دور گزر چکا ہے۔ قوم ظالم جاگیرداروں اور سرمایہ داروں سے نجات کے لئے ایم ایم اے کا ساتھ دے۔

متحدہ مجلس عمل قومی و صوبائی اسمبلی کے ہر حلقے سے اپنا امیدوار کھڑا کرے گی۔ ہمارے امیدواروں کے کردار و عمل پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔ شاہ اویس نورانی نے کہا کہ جمہوریت کا تسلسل برقرار رہنا نیک شگون ہے۔ حکومت کی آئینی مدت پوری ہونے سے جمہوریت مستحکم ہوئی ہے۔ آئین و قانون کی پاسداری ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ اسلام اور پاکستان سے محبت کرنے والے ووٹرز کتاب کے نشان پر مہر لگائیں گے۔ ہماری منزل پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانا ہے۔ پاکستان کو سیکورٹی سٹیٹ نہیں ویلفیئر سٹیٹ بنانا ہو گا۔