کرپشن میں لتھڑی ن حکومت کل ہمیشہ کے لئے رخصت ہو جائے گی، صاحبزادہ حامد رضا

سنی اتحاد کونسل کل ن لیگ کا سیاہ دور ختم ہونے پر’’ یوم نجات ‘‘ منائے گی۔ نماز مغرب کے بعد شکرانے کے نوافل ادا کئے جائیں گے اور مٹھائیاں تقسیم کی جائیں گی، چیئرمین سنی اتحاد کونسل

جمعرات 31 مئی 2018 20:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور نظام مصطفے متحدہ محاذ کے سیکریٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ کرپشن میں لتھڑی ن حکومت کل ہمیشہ کے لئے رخصت ہو جائے گی۔ سنی اتحاد کونسل کل ن لیگ کا سیاہ دور ختم ہونے پر’’ یوم نجات ‘‘ منائے گی۔ نماز مغرب کے بعد شکرانے کے نوافل ادا کئے جائیں گے اور مٹھائیاں تقسیم کی جائیں گی۔

ن لیگ کی نااہل اور ناکام حکومت نے ہر ادارہ تباہ کر دیا ہے۔ ن لیگی امیدوار اپنی حکومت کے سیاہ اعمال نامہ کے ساتھ قوم کا سامنا کیسے کریں گے۔ ن لیگی حکومت کے پانچ برسوں کے دوران پانچ ہزار ارب روپے کی کرپشن ہوئی ہے۔ اب ن لیگ کبھی اقتدار میں نہیں آ سکے گی۔ ناصر کھوسہ شریفوں کے بہت قریب تھے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی نے ناصر کھوسہ کا نام واپس لے کر اچھا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب میں 51 کرپٹ کمپنیاں بنا کر صوبائی خزانے کو لوٹا گیا۔ کشکول توڑنے کے دعویدار شہباز شریف نے پنجاب کو 600 ارب کا مقروض کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے سوشل میڈیا سیل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ن لیگ چوری کھانے والے مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا میرٹ پر فیصلہ ہوا تو شہباز شریف بچ نہیں سکے گا۔ پچھلے پانچ سالوں میں نہ عوام مطمئن ہوئے نہ جمہوریت مستحکم ہوئی۔ نواز شریف کو فوج اور عدلیہ سے محاذ آرائی مہنگی پڑے گی۔ ن لیگی حکومت کی مدت ختم ہونے پر قوم خوش ہے۔ پانچ برس کے دوران ملک بدحال اور حکمران خوشحال ہوئے ہیں۔ 25 جولائی کو ن لیگ کی بچی کھچی سیاست بھی دفن ہو جائے گی۔