انتخابات میںپیپلزپارٹی چاروں صوبوں سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر حکومت بنائے گی، سردارسربلند جوگیزئی

عبیداللہ بابت کی اسپیکر کے خلاف نازیباالفاظ استعمال کرنے کی پیپلز پارٹی سخت مذمت کرتی ہے، عوام ووٹ سے ایسے افرادکو عام انتخابات میں مسترد کردیں گے،سیکرٹری اطلاعات پی پی بلوچستا ن

جمعرات 31 مئی 2018 20:58

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ 2018ء کے انتخابات میںپیپلزپارٹی چاروں صوبوں سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر وفاق سمیت چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی،قو م پرست جماعت کے رکن اسمبلی عبیداللہ بابت کی اسپیکر کے خلاف نازیباالفاظ استعمال کرنے کی پیپلز پارٹی سخت مذمت کرتی ہے عوام ووٹ سے ایسے افرادکو عام انتخابات میں مسترد کردیں گے ۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے میڈیا سیل میں لورالائی سے تعلق رکھنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر میڈیا سیل کے انچارج حیات خان اچکزئی ، سپورٹس ونگ کے صدر شہزادہ کاکڑ اوردیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ اقتدار میں آکر عوام کی خدمت کی ہے یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی میں ہرقوم سے تعلق رکھنے والے لوگ ایک گلدستے کی مانند ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں ملک بھر میں ایک بڑی سیاسی قوت بن کرسامنے آئی ہے جس سے مخالفین بوکھلاہٹ کاشکارہوچکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی بلوچستان سمیت چاروں صوبوں میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے حکومتیں بنائے گی ۔انہوں نے قوم پرست جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی عبیداللہ بابت کی جانب سے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچ اور پشتون روایات میں خواتین کو بڑی عزت حاصل ہے لیکن قوم پرست جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن نے اسپیکر کے خلاف نازیباالفاظ استعمال کرکے خواتین کی بے عزتی کی ہے جس کی پیپلز پارٹی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے عوام عام انتخابات میں ووٹ کے ذریعے ایسے عناصر کو مسترد کردیں جو خواتین کی عزت نہیں کرتے۔