Live Updates

مسلم لیگ (ن) نے مخالفتوں کے باوجود ثابت قدمی سے اپنی حکومت کے پانچ سال مکمل کئے ہیں۔فریال چودھری

جمعرات 31 مئی 2018 21:03

ملتان۔31 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) نے 5 سالہ اقتدار میں بے پناہ ترقیاتی منصوبے مکمل کئے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کیا۔ مسلم لیگ (ن) نے پورے پانچ سال سچائی اور اصولوں کی سیاست کی۔نوازشریف، شہباز شریف اور مریم نواز کو حکومت کے پانچ سال مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ ان خیالات کا اظہار جوائنٹ سیکرٹری مسلم لیگ (ن) ملتان فریال چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ڈھیروں مخالفتوں کے باوجود ثابت قدمی سے اپنی حکومت کے پانچ سال مکمل کئے ہیں۔ شہباز شریف نے پانچ سالوں میں پنجاب بھر میں یونیوسٹیاں بنائی اور عوام کو بہترین طبی سہولیات پہنچانے کیلئے ہسپتالوں کا قیام عمل میں لائے۔

(جاری ہے)

کراچی سمیت ملک بھر سے دہشت گردی کا قلع قمع کیا اور کراچی کی عوام نے بھی لیگی دور حکومت میں سکھ کا سانس لیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ایک صوبہ دیا گیا جہاں انہوں نے نہ تو کوئی یونیورسٹی بنائی اور نہ ہی کوئی ہسپتال قائم کیا بلکہ کے پی کے کی عوام سے لوٹی ہوئی دولت سے عمران خان نے شادیاں ہی رچاتے رہے۔ عمران خان ناچ گانے اور دھرنے کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں۔ لیگی حکومت نے ملک سے بجلی و سوئی گیس بحران ختم کرکے لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات میں خاطر خواہ کمی آئی۔ عوام اور ملکی بھلائی کیلئے سی پیک جیسے متعدد منصوبے شروع کئے جن میں سے زیادہ تر منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں عوام لوٹ مار اور ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ بننے والے دھرنا گروپس کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے مسلم لیگ کو کامیاب بنائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات