گیپکو کے کھلاڑی ہمارے ہیرو اور ملک و قوم کا سرمایہ ہیں،محمد زاہد سلیم

جمعرات 31 مئی 2018 21:05

گوجرانوالہ۔31 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) چیف ایگزیکٹو محمد زاہد سلیم نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کا جھنڈا بلند کرنے والے گیپکو کے کھلاڑی ہمارے ہیرو اور ملک و قوم کا سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کی صلاحیت رکھنے والے کھلاڑیوں کی سرپرستی کرتے رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں کامن ویلتھ گیمز میںشاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میڈلز حاصل کرنے والے گیپکو ریسلنگ اور ویٹ لفٹنگ ٹیمز کے کھلاڑیوں محمد انعام بٹ، ، محمد بلال، محمد نوح دستگیر اور طلحہ طالب سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر صدر گیپکو سپورٹس ایسوسی ایشن انور سعید کیلوی، چیف انجینئر جنید اختر،سیکرٹری ر گیپکو سپورٹس ایسوسی ایشن یوسف ثانی مرزا، ایڈیشنل ڈی جی اورنگزیب ملہی، سپورٹس آفیسراحتشام الحق سپرا، سی بی اے کے ریجنل چیئرمین ولی الرحمن خاںو دیگربھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس سال آسٹریلیا میںہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں محمد انعام بٹ نے ریسلنگ میں گولڈ میڈل اور محمد بلال نے برونز میڈل جبکہ محمد نوح دستگیراور طلحہ طالب نے ویٹ لفٹنگ میںبرونز میڈلزحاصل کئے تھے۔اس موقع پرچیف ایگزیکٹونے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں سے نوجوانوں میں ذہنی و جسمانی نشو ونما ہوتی ہے جس سے وہ ملک کے مفید شہری بنتے ہیں اور عملی زندگی میں اُن کے اندر مثبت مقابلہ کا رُحجان پروان چڑھتا ہے۔

صدر گیپکو سپورٹس ایسوسی ایشن انور سعید کیلوی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پرچاروں کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی کھیل کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے بین الاقوامی اور قومی کھیلوں میں ملک و قوم اور محکمے کا نام روشن کریں گے۔

متعلقہ عنوان :