ڈاکٹر طارق بنوری نے اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا

ملک میں اعلٰی تعلیم کی ترقی کے لئے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کریں گے،ڈاکٹر طارق بنوری

جمعرات 31 مئی 2018 21:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) ڈاکٹر طارق بنوری نے جمعرات کو اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا۔ ایچ ای سی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشد علی ، اعلیٰ افسران اور ملازمین نے نئے چیئرمین کو خوش آمدید کہا۔ ایچ ای سی ملازمیں سے اپنے پہلے خطاب میں ڈاکٹر طارق بنوری نے ان پر اعتماد کرنی پر وزیراعظم اور سرچ کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس اعتماد پر پورا اتریں گے اور ملک میں اعلٰی تعلیم کی ترقی کے لئے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کریں گے۔ انہوںنے زور دیا کہ ایچ ای سی اعلٰی تعلیم کے شعبے میں درپیش مسائل کی نشاندہی کرے گااور اگلے چار سالوں کے اہداف کا تعین کیا جائے گا اور ایچ ای سی کی سروسز میں عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی جامعات اور اعلٰی تعلیمی اداروں کے سہولت کار کا کردار ادا کرتا رہے گا۔

انہوںنے کہا کہ ایچ ای سی اعلٰی تعلیم کے معیار کی بہتری کے لئے موثر اقدامات جاری رکھے گا۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں تعداد سے ماوراء معیار تعلیم کی طرف جانا ہوگا اور تعلیمی شعبے سے منسلک تمام اسٹیک ہولڈرز کے حقوق کا تحفظ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی ملازمین کی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے وقتاً فوقتاً تربیت کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکے۔

اس موقع پر ڈاکٹر ارشد علی نے تمام ایچ ای سی ملازمین کی طرف سے نئے چیئرمین کو خوش آمدید کہا اور یقین دہانی کرائی کہ تمام افراد اُن کی قیادت میں ملک میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ نئے چیئرمین کی تقرری پر حکومت کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ اعلٰی تعلیمی کمیشن اور شعبے سے منسلک تمام اسٹیک ہولڈرز اس اقدام کی ستائش کرتے ہیں۔

ڈاکٹر طارق بنوری نے ہارورڈ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کر رکھی ہے اور وہ ایچ ای سی کے چوتھے چیئرمین کے طور پر تعینات کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر بنوری بیس کتب اور تیس سے زائد تحقیقی مجلات کے مصنف ہیں اور حکومتی اداروں، سول سوسائٹی اور قومی و بین الاقوامی اداروں میں کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر طارق بنوری اعلٰی تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے قائم اُس سٹیرنگ کمیٹی کے بھی رکن تھے جس نے ایچ ای سی کے قیام میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔

ڈاکٹر بنوری یونیورسٹی آف اُتاہ، امریکہ کے پروفیسر بھی رہے ہیں، جبکہ وہ سسٹینیبل ڈیویلپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ ، پاکستان کے بانی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر بھی کام کرچکے ہیں۔ ڈاکٹر طارق بنوری اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے بورڈ آف گورنرز کے رکن بھی رہے ہیںاور انٹر گورنمنٹل پینل آن کلائیمیٹ چینج کے کوآرڈی نیٹنگ لِیڈ آتھر کے بطور بھی کام کرچکے ہیں۔

علاوہ ازیں ڈاکٹر بنوری آب و ہوا کی تبدیلی کے شعبے میں حکومت پاکستان اور پانی کے شعبے میں مہران یونیورسٹی کو مشاورتی خدمات بھی فراہم کرتے رہے ہیں۔ انہوںنے انٹرنیشنل سنٹر فار ٹریڈ اینڈ سسٹینیبل ڈیویلپمنٹ کے چیئر کے طور پر بھی اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر طارق بنوری نے ڈائریکٹر ڈوژن فار سسٹینیبل ڈیویلپمنٹ ، یونائیٹد نیشنز کو بطور بھی کام کیا ہے اور پاکستان انوائرنمنٹ پروٹیکشن کونسل کے رکن اور اعلٰی تعلیم سے متعلق صدارتی اسٹیرنگ کمیٹی کے سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں۔