الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018ء کیلئے شیڈول جاری کر دیا

عام انتخابات 25 جولائی کو ہی ہوں گے، ریٹرننگ افسر کل پبلک نوٹس جاری کرے گا،2 سے 6 جون تک امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے، 7 جون کو امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی، 14 جون تک امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال اور امیدواروں کی حتمی فہرست 27 جون کو جاری کی جائے گی،سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب

جمعرات 31 مئی 2018 21:06

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018ء کیلئے شیڈول جاری کر دیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2018ء کیلئے شیڈول جاری کر دیا ہے۔ جمعرات کو یہ بات سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات 25 جولائی کو ہی ہوں گے، اس سے پہلے تمام معاملات حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریٹرننگ افسر کل پبلک نوٹس جاری کرے گا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے آگاہ کیا کہ 2 سے 6 جون تک امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے، 7 جون کو امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی، 14 جون تک امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کی حتمی فہرست 27 جون کو جاری کی جائے گی، 29 جون کو امیدواروں کو انتخابی نشان جاری کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امیدوار 28 جون تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، امیدوار ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں کے خلاف 19 جون تک اپیلیں دائر کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹربیونلز ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 26 جون تک نمٹائیں گے۔ بابر یعقوب نے کہا کہ عام انتخابات2018 کیلئے 21 کروڑ سے زائد بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے، بیلٹ پیپرز کا کاغذ فرانس اور برطانیہ سے منگوایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی فوج کی نگرانی میں ہو گی۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ انتخابات میں فوج کی تعیناتی سے متعلق ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت آنے کے بعد ان سے مشاورت ہو گی، میڈیا کیلئے بھی ضابطہ اخلاق جاری کیا جائے گا۔