جمعیت علماء پاکستان (نورانی) کا حیدرآباد ضلع کی قومی وصوبائی اسمبلی کی تمام نشستوں پر امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ

جمعرات 31 مئی 2018 21:48

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2018ء) جمعیت علماء پاکستان (نورانی) نے حیدرآباد ضلع کی قومی وصوبائی اسمبلی کی تمام نشستوں پر امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جے یو پی نے مشترکہ امیدواروں کے چناؤ کیلئے جمعہ یکم جون کو بعد نماز تراویح سنی جماعتوںکا اجلاس رکن الاسلام جامعہ مجددیہ ہیرآبادمیں طلب کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعیت علماء پاکستان (نورانی)حیدرآباد کا اعلیٰ سطحی اجلاس جمعیت علماء پاکستان (نورانی) کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی زیر صدارت رکن الاسلام جامعہ مجددیہ ہیر آباد میںہوا،اجلاس میں قاری عبدالرشید اعوان ،قاری نیاز احمد نقشبندی ،ڈاکٹر محمد یونس دانش ،ناظم علی آرائیں ،حافظ محمد رضوان نقشبندی،قاری طلعت محمود،ناصر قادری،چاند نبی ،محمد رضوان شیخ ،غلام رسول کھتری نے شرکت کی، اجلاس میں حیدرآباد ضلع کی تمام نشستوں پر امیدوار کھڑے کرنے اور اتحاد اہلسنت کے مشترکہ پلیٹ فارم نظام مصطفیٰ محاذاور دیگر سنی تنظیموں کی مشاورت سے متفقہ امیدواروں کے چناؤ کیلئے یکم جون جمعہ کو رکن الاسلام جامعہ مجددیہ میں سنی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیاتاکہ تمام نشستوں پر اہلسنت کے متفقہ امیدوار میدان میں اتارے جائیں اس ضمن میں سنی جماعتوں کے قائدین کے درمیان رابطہ تیز ہو گئے ہیںاجلاس میں انتخابات کو شفاف بنانے اور غیرجانبدارانہ انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن اور نگراں حکومتوں کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیانئی حلقہ بندیوں میں حکومتی جماعتوں کی منشاء کے مطابق مختلف علاقوں کو شامل کرنے کو پری پول ریگنگ کا آغاز قرار دیاکیا گیااورشہری آبادی کے بڑھتے ہوئے پھیلاوکے باوجودحیدرآباد ضلع کی نشستوں میں اضافہ نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا،اجلاس میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی جانب سے حیدرآبادکو نظر انداز کرنے اورسندھ کے دوسرے بڑے شہرکی تباہی بربادی اور عوام کو محرومیوں کا شکارکرنے کی سخت مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ سندھ کی دونوں جماعتیں عصبیتوں کو ہوا دے کرلسانی نسلی فساد کرانے اور سندھ کے امن کو تباہ کرنے کیلئے نت نئے حربے اوربہانے تراش رہی ہیں دونوں جماعتیں طویل عرصہ سے اقتدار کے مزے لوٹتی رہی ہیں لیکن حیدرآباد کے شہری محرومیوں کا شکار ہیں حیدرآباد کی معیشت تباہ ،کاروبار زندگی مفلوج ہسپتال صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی سے قاصر، بنیادی شہری سہولیات پینے کاصاف پانی،بجلی،صحت وصفائی کا ناقص نظام ،ناکارہ سیوریج سسٹم،تباہ حال سڑکیں ٹریفک کے بے ہنگم اژدھام کے باعث ٹریفک جام کی شکاریات روز کا معمول بن چکی ہیںشدید گرمی بجلی کی آنکھ مچول کے باعث شہری سخت اذیت کا شکار ہیں اجلاس میں کہا گیا کہ شہر کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے جے یو پی صالح دیانت دار اور عوام کا درد رکھنے والی قیادت کو میدان میںاتارے گی جو الیکشن میں ختم نبوت ،ناموس رسالت قوانین کے تحفظ ،نظام مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ اور کرپشن سے پاک پاکستان کے عزم کے ساتھ ڈٹ کا طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کریں گے۔