سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے پولیس ملازمین کی سہولت کیلئے ’’ وزیٹر مینجمنٹ سسٹم‘‘ کا افتتاح کردیا

جمعرات 31 مئی 2018 21:54

لاہور۔31 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) کیپیٹل سٹی پولیس آفیسرکیپٹن (ر) محمد امین وینس نے سی سی پی او آفس میں ’’ وزیٹر مینجمنٹ سسٹم‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب میں ایس ایس پی ایڈمن رانا ایازسلیم اور ایس ایس پی ڈسپلن طارق عزیز سمیت دیگر اعلی افسران موجود تھے ۔ ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم نے سی سی پی او لاہور امین وینس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ترقی یافتہ ممالک کی پولیس فورسز کی طرز پر بنائے گئے اس سسٹم کا مقصد پولیس ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے ، اس سسٹم کے نفاذ سے پولیس ملازمین کے ٹرانسفر پوسٹنگ ، چھٹی ، این او سی ، ترقی ، کنفرمیشن ، سنیارٹی ، ٹریننگ ، بھرتی ، پنشن ، تعلیمی وظیفہ ، جہیز فنڈ ، جی پی فنڈ، تنخواہ بقایا جات، میڈیکل بل ، اپیل ، اے سی آرز، ذاتی شنوائی سمیت مختلف نوعیت کے بیس سے زائد مسائل ایک ہی چھت تلے حل ہوسکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ’ ’ وزیٹر مینجمنٹ سسٹم‘‘ کی بدولت پولیس ملازمین کو کلرک مافیا کے غیر ضروری تاخیری حربوں سے نجات مل جائے گی۔ اہلکار کودرخواست وصولی کے بعد ایک ٹوکن نمبر جاری کیا جائے اور معینہ مدت میں اس کی درخواست پر فیصلہ کر دیا جائے گا۔ سی سی پی او لاہورکیپٹن (ر) محمد امین وینس نے ذاتی توجہ اور لگن سے پروگرام شروع کرانے پر ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملک کی لیڈنگ فورسز میںشامل ہے جس نے ویلفیئر آئی ، لوکل آئی ، ہوٹل آئی اور ٹرپل ون انفارمیشن سسٹم سمیت کئی مفید سافٹ وئیر تیار کئے ہیں جنہیں پاکستان کے دیگر صوبوں کی پولیس فورسز نے بھی اپنایا ہے ۔

انہو ں نے مزیدکہا کہ ’ ’ وزیٹر مینجمنٹ سسٹم‘‘ کی بدولت عام ملازمین کے مسائل جدید خودکار نظام کے تحت پوری شفافیت ، زیادہ جلدی اور موثر طریقہ سے حل کرنے میں مدد ملے گی جسکی وجہ سے انکی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پولیس ملازمین کی ویلفیئر اور انکے مسائل حل کرنے کیلئے اانفارمیشن ٹیکنالوجی پروگرامزکے استعمال کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔