چیئرمین بلدیہ شرقی کا تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے طارق روڈ کا دورہ

جمعرات 31 مئی 2018 22:13

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے طارق روڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اسلم بھٹی کے ہمراہ طارق روڈ پر ٹریفک کی روانی، بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کیلئے تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے طارق روڈ کا تفصیلی دورہ کیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پرتجاوزات پھیلانے والوں کو متنبہ کیا گیا کہ وہ عوام کیلئے مختص کی گئی جگہوں کو فی الفور خالی کردیں، بالخصوص فٹ پاتھ اورگزرگاہوں کو صاف کر دیا جائے۔

اس موقع پر انہوں نے بلدیہ شرقی کی جانب سے انسداد تجاوزات اور عوامی شکایات کے ازالے کیلئے لگائے گئے کیمپ کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران و عملے کو تجاوزات کے خاتمے کیلئے مزید اقدامات کرنے کی ہدایات دیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین معید انور نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی سہولت اور ریلیف کیلئے بلدیہ شرقی اپنے زیر انتظام آنے والے تمام امور کو بھرپور انداز میں سر انجام دے ،اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لے کر تجاوزات کے خلاف آپریشن کو تیز کیا جائے۔

علاوہ ازیں طارق روڈ ایسوسی ایشن کے صدر نے چیئرمین معید انور کو مزید امور کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ متعدد جگہوں پر صفائی و ستھرائی اور دیگر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے بالخصوص پارکنگ کے حوالے سے ایک جگہ متعین کی گئی ہے جس کو لیول کرکے عوام کیلئے کھول دیا جائیگا۔ چیئرمین معید انور نے صفائی و ستھرائی کے حوالے سے سندھ سالڈ ویسٹ کے متعلقہ افسران کو کہا کہ فوری طور پر صفائی ستھرائی کیلئے سندھ سولڈ ویسٹ منیجمنٹ اقدامات یقینی بنائے۔