پاک بحریہ اور حکومت ِ پنجاب کے درمیان گوادر میں بحریہ ماڈل کالج کے قیام کے معاہدے پر دستخط

معاہدے کے تحت حکومت پنجاب گوادر میں بحریہ ماڈل کالج کی تعمیر کیلئے فنڈ فراہم کرے گی

جمعرات مئی 22:23

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 مئی2018ء) پاک بحریہ اور حکومت ِ پنجاب کے درمیان گوادر میں بحریہ ماڈل کالج کے قیام کے معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔اس سلسلے میں لاہور میں واقع وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے دفتر میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ اس معاہدے کے تحت حکومت پنجاب گوادر میں بحریہ ماڈل کالج کی تعمیر کیلئے فنڈ فراہم کرے گی تاکہ گوادر کی عوام کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم ہو سکیں۔

لاہور میں منعقدہ تقریب کے دوران وزیرِاعلیٰ پنجاب نے چیک پاک بحریہ کے حوالے کیا۔ تعمیر کی تکمیل پر بحریہ ماڈل کالج گوادر، ساحلی مکینوں کے بچوں کو انٹرمیڈیٹ تک تعلیمی زیور سے آراستہ کرے گا۔ سیکرٹری سکولز ڈاکٹر اللہ بخش اور ڈپٹی چیف آف دی نیول سٹاف ٹریننگ نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔

(جاری ہے)

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

قبل ازیں وزیرِاعلیٰ پنجاب نے اپنے خطاب کے دوران تعلیم کے فروغ خصوصاً ساحلی علاقوں میں تعلیمی سہولیات کی دستیابی کے سلسلہ میں پاک بحریہ کی کاوشو ں کو سراہا۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب نے ملکی ترقی میں بحری تجارت کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بحری سرحدوں کے دفاع اور ساحلی علاقوں کی مجموعی ترقی میں پاک بحریہ کی خدمات کو سراہا۔ پنجاب گورنمنٹ گوادر میںمزید سکول اور کالجز بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ میری ٹائم سکٹرکا ملک کی معیشت کو مظبوط بنانے میں اہم کردار ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے گوادر میں تعلیمی ادارے کے قیام کے سلسلے میں مالی معاونت فراہم کرنے پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ بیش قدر مالی معاونت ساحلی علاقوں میں انسانی فلاح کے منصوبوں میں ایک اضافہ ہو گا۔

نیول چیف نے مزید کہا کہ پاک بحریہ مادرِ وطن کی بحری سرحدوں کی محافظ ہے اور ملک ے بحری اثاثوں کو بحری اقتصادیات میں بدل کر عوام الناس میں ان کے بارے میں آگہی پھیلانے کے عزم پر کار بند ہے۔ صوبائی وزراء، پنجاب اسمبلی کے اراکین، کئی اہم رہنماء اور سینئر نیول آفیسرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔