Live Updates

عمران خان نے شبنم زیادتی کیس کے مرکزی ملزم فاروق بندیال کو تحریک انصاف سے نکالنے کا حکم دے دیا

معروف اداکارہ شبنم کو 80 کی دہائی میں شوہر اور بیٹے کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، فاروق بندیال مرکزی ملزمان میں شامل تھے، سوشل میڈیا پر شدید ردعمل آنے کے بعد پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ

muhammad ali محمد علی جمعرات 31 مئی 2018 21:23

عمران خان نے شبنم زیادتی کیس کے مرکزی ملزم فاروق بندیال کو تحریک انصاف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 مئی2018ء) عمران خان نے شبنم زیادتی کیس کے مرکزی ملزم فاروق بندیال کو تحریک انصاف سے نکالنے کا حکم دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف میں جہاں بڑے بڑے سیاسی ناموں کی شمولیت جاری ہے، وہیں ایک بدنام زمانہ سیاست دان نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ شبنم زیادتی کیس میں ملوث فاروق بندیال نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

فاروق بندیال کا تعلق این اے 39 خوشاب سے ہے۔ فاروق بندیال ایک زمیندار ہیں جو شبنم زیادتی کیس کے مرکزی ملزمان میں سے ایک تھے۔ اداکارہ شبنم کیساتھ ہونے والی زیادتی کیس کے بعد عدالت نے 5 مرکزی ملزمان کو سزائے موت دی تھی۔ تاہم بعد ازاں اداکارہ شبنم نے دباو کے باعث ملزمان کو معاف کر دیا تھا اور پھر بیرون ملک منتقل ہو گئی تھیں۔

(جاری ہے)

اداکارہ شبنم کو ان کے بیٹے اور شوہر کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

اس واقعے کے بعد فوجی عدالت نے پانچوں ملزمان کو پھانسی کی سزا سنائی تھی جو بعد ازاں سیاسی دباو کے باعث ختم کر دی گئی تھی۔ یہ واقعہ 80 کی دہائی میں پیش آیا تھا۔ اب اس کیس کے مرکزی ملزم فاروق بندیال نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ اس سے قبل فاروق بندیال مسلم لیگ ن کا حصہ تھے۔ فاروق بندیال نے جمعرات کے روز بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کرکے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

فاروق بندیال کی شمولیت کے بعد تحریک انصاف کے کارکنوں نے سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا کر دیا۔ کارکنوں کی جانب سے فاروق بندیل کی تحریک انصاف میں شمولیت کی شدید مذمت کی گئی۔ جبکہ عمران خان سے مطالبہ کیا گیا ہے وہ فوری فاروق بندیال کو پارٹی سے نکال باہر کریں۔ سوشل میڈیا پر مچنے والے طوفان کے بعد اب عمران خان نے ہنگامی فیصلہ کیا ہے۔ عمران خان نے کارکنوں کے دباو اور پرزور اسرار کے بعد فاروق بندیال کو فوری تحریک انصاف سے نکالنے کا حکم جاری کیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات