امریکہ کے تعاون سے پاکستان میں انسداد تمباکو نوشی کی تیسری مہم کا آغاز کا کر دیا ہے،سائرہ افضل تارڑ

ہماری حکومت نے ٹوبیکو کنٹرول کے لیے کئی اقدامات کئے،نئی تصویری وارننگ کا اجراء، کھلے سگریٹ کی فروخت پر پابندی، ٹیکس میں اضافہ کی تجاویز شامل ہیں ،سائرہ افضل تارڑ کا تقریب سے خطاب

جمعرات 31 مئی 2018 22:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 مئی2018ء) عالمی یوم انسداد تمباکو نوشی 2018 کے سلسلے میں وزارت قومی صحت میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت وفاقی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کی۔ تقریب میں عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میںنمائندے ڈاکٹر آسائی ، سیکرٹری وزارت صحت اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ اس تقریب میں عالمی ادارہ صحت پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر آسائی نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے محمد وقاص تارڑ ڈائریکٹر ٹوبیکو کنٹرول سیل کو پاکستان میں انسداد تمباکو نوشی کے سلسلے میں کی جانے والی خدمات کی ستائش میں شیلڈ پیش کی گئی۔

ڈاکٹر آسائی نے گذشتہ پانچ سالوں میں ٹوبیکو کنٹرول سیل کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر توقع ظاہر کی کہ آئندہ آنے والی حکومت ان تمام اقدامات کو جاری رکھے گی اور ان کو مزید تقویت دے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ہماری حکومت نے ٹوبیکو کنٹرول کے لیے کئی اقدامات کئے جس میںنئی تصویری وارننگ کا اجراء، کھلے سگریٹ کی فروخت پر پابندی، ٹیکس میں اضافہ کی تجاویز شامل ہیں۔

سائرہ افضل تارڑ نے مزید کہا کہ ہم نیVital Strategies امریکہ کے تعاون سے پاکستان میں انسداد تمباکو نوشی کی تیسری مہم کا آغاز کا کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ کئی سالوں سے ٹوبیکو کنٹرول سیل پاکستان میں انسداد تمباکو نوشی کے سلسلے میں آگاہی مہم انجام دے رہا ہے جس میں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا شامل ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹوبیکو کنٹرول سیل نے پاکستان کے 59 مختلف مقامات پر انسداد تمباکو نوشی کی تشہیر کے لیے بڑے سائز کے بل بورڈ بھی نصب کئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :