عالمی فٹ بال کپ میں 32ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں نظر آئینگی

فٹ بال ورلڈ کپ 2018 کی چیمپئن ٹیم کو 38 ملین ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی

جمعرات 31 مئی 2018 22:40

عالمی فٹ بال کپ میں 32ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں نظر آئینگی
ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 مئی2018ء) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام 14 جون سے شروع ہونے والے عالمی فٹ بال کپ میں مجموعی طور پر 32 ٹیمیں مد مقابل آئیں گی۔ جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق ایک ماہ تک جاری رہنے والے اس میگا ایونٹ میں کل 64 میچ کھیلے جائیں گے جیسے دیکھنے کیلئے تقریبا 10 لاکھ سے زائد غیر ملکی شائقین روس کا رخ کریں گے۔

اعداد و شمار اکھٹا کرنے والے ایک ادارے کے مطابق فٹ بال کے رواں سال عالمی کپ کو صرف ٹی وی پر ہی دیکھنے والوں کی تعداد 3.2 بلین ہو گی، جو دنیا کی تقریبا نصف آبادی کے برابر ہے۔ ٹورنامنٹ میں آئس لینڈ اور پاناما کی ٹیمیں پہلی بار کوالیفائی کرتے ہوئے حصہ لیں گی۔ ایران دوسری مرتبہ عالمی کپ کھیلے گا۔ یہ پہلی بار ہوگا جب فٹ بال ورلڈ کپ کے میچ دو براعظموں، یورپ اور ایشیا میں کھیلے جائیں اور ان عالمی مقابلوں میں سب سے کم درجہ بندی 65 روس کی اور سعودی عرب 63 کی ہے۔

(جاری ہے)

رواں سال عالمی چیمپئین کا تاج سر پر سجانے والی ٹیم کو 38 ملین ڈالر کی انعامی رقم دی جائے جبکہ دوسرے نمبر پرآنے والی ٹیم 28 ملین ڈالر انعامی رقم کی حقدار ٹھہرے گی۔ برازیل وہ واحد ملک ہے جس نے نہ صرف اب تک کے تمام ورلڈ کپ مقابلوں میں حصہ لیا ہے بلکہ سب سے زیادہ ٹائٹل بھی اسی ملک نے جیتے۔ جرمنی ورلڈ کپ کے گزشتہ تین ٹورنامنٹس میں سب سے زیادہ گول کرنے والی ٹیم رہی ہے۔ جرمن فٹ بال ٹیم 2006 میں 14گولز ، 2010 میں 16 گولز جبکہ 2014 میں 18 گولز کے ساتھ سرفہرست رہی ہے ۔