Live Updates

خیبرپختونخوامیں عمران خان کے ویژن کیمطابق ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی بنیاد رکھی ،

میرٹ کا نظام وضع کیا ،صوبہ میں غریب اور امیر کا فرق کا خاتمہ کرکے یکساں تعلیم و صحت کی فراہمی کو یقینی بنایا، عوام مسلم لیگ ،اے این پی اور ایم ایم اے کے اصلی چہروں سے بخوبی واقف ہیں،آئندہ ان کی باتوں میںنہیں آئیں گے،سپیکرخیبر پختونخوااسمبلی اسد قیصر

جمعرات 31 مئی 2018 22:49

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 مئی2018ء) سپیکرخیبر پختونخوااسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوامیں عمران خان کے ویژن کیمطابق ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی بنیاد رکھی ،میرٹ کا نظام وضع کیا ،صوبہ میں غریب اور امیر کا فرق کا خاتمہ کرکے یکساں تعلیم و صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا، عوام مسلم لیگ ،اے این پی اور ایم ایم اے کے اصلی چہروں سے بخوبی واقف ہو گئے ہیںاور آئندہ ان مداریوں کی باتوں میںنہیں آئیں گے۔

وہ جمعرات کو شمولیتی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ جس میں اے این پی کے تحصیل نائب ناظم صوابی گوہر رحمان کی اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ۔اس موقع پر ایم این اے عاقب اللہ ،پی ٹی آئی ضلع صوابی کے صدر انورحقداد اور جنرل سیکرٹری میجر (ر)فداحسین بھی موجودتھے ۔

(جاری ہے)

اسپیکر اسدقیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے غریب کی خوشحالی کی راہ میں حائل مخصوص مائنڈ سیٹ کو تبدیل کیا،عام عوام کو اپنے حقوق کیلئے کھڑا کرنے اور ان میں شعور پیدا کرنے کیلئے غیر متزلزل عزم پر قائم ہے۔

انہوںنے کہا کہ خیبرپختونخوامیں میرٹ اور انصاف کا نظام قائم کرکے اقرباء پروری کا خاتمہ کیا جس کے مثبت اثرات مرتب ہوئے یہی وجوہات ہیں کہ عوام پالیسیوں کو پسند کرنے لگے ہیںاور دھڑادھڑ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیتیں کررہے ہیں، اس وقت ملک کو ایک ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جو عمران خان کی صورت میں ہمارے درمیان موجود ہے ، عوام کی طاقت سے آئندہ چاروں صوبوں سمیت وفاق میں بھی پاکستان تحریک انصاف کی حکومتیں قائم ہو ں گی اور عمران خان کی قیادت میں ملک میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔

سپیکراسدقیصر نے کہا کہ سابقہ ادوار میں سبزوسرخ جھنڈوں اور شریعت کے نام پر ووٹ لینے والوں نے عوام کو ورغلاکر بے وقوف بناتے رہے انہوںنے نہ تو صوابی کیلئے کوئی ترقیاتی کام کئے اور نہ ہی اسلامی قانون سازی کی ۔انہوںنے کہا کہ اب کرپشن ،جھوٹ اور منافقت کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کرکے صوابی کو حقیقی معنوں میں ترقی سے ہمکنار کرنے والے عملی اور وعدے کے پکے لوگوں کا انتخاب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

سپیکراسدقیصر نے کہا کہ ایک جانب انہوںنے ضلع صوابی میں میگا ترقیاتی منصوبوں کا اجراء کرکے علاقے کو ترقی دینے کیساتھ ساتھ لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پید اکئے جبکہ دوسری جانب ان کے ہاتھوں صوبہ میں اسلامی قانون سازی کا عمل کامیابی سے مکمل ہوا ،انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت جب بھی اقتدار میںآئی تو انہوںنے صوابی کو محرومیت سے دوچارکیا ،پہلی حکومت میں گدون کی مراعات چھین لیں دوسری بارحکومت میں صوابی کا پانی چوری کرکے لوگوں کو بے روزگارکیا۔انہوںنے کہا کہ عوام مسلم لیگ ،اے این پی اور ایم ایم اے کے اصلی چہروں سے بخوبی واقف ہو گئے ہیںاور آئندہ ان مداریوں کی باتوں میںنہیں آئیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات