جاتے جاتے حکمرانوں نے عوام پر پٹرولیم بم گرادیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،صابرحسین اعوان

جمعرات 31 مئی 2018 22:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 مئی2018ء) صدر متحدہ مجلس عمل ضلع پشاور وامیدوار این اے 28 صابرحسین اعوان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ جاتے جاتے حکمرانوں نے عوام پر پٹرولیم بم گرادیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،یوں محسوس ہوتاہے کہ جیسے نام نہاد عوامی نمائندوں کوغریب عوام کی مشکلات کا ادراک ہی نہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ 2018کے انتخابات موجودہ حکمرانو ں کے لیے ایک ڈرائوناخواب ثابت ہوں گے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا،رمضان المبارک میں اشیاء ضروریہ کی قیمتیں پہلے ہی آسمان کو چھو رہی ہیں،دن بدن بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے اشیاء ضروریہ غریب عوام کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں،ملک میں ایک طرف بے روزگاری بڑھ رہی ہے جبکہ دوسری جانب حکومت کی عوام کش ظالمانہ پالیسیوں نے کسر پوری کردی ہے۔

(جاری ہے)

عوام کوپہلے ہی کسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیاجانے والا اضافہ فی الفور واپس لیاجائے۔انہوں نے کہاکہ ماہ صیام میں دنیا بھر کی حکومتیں مسلمانوں کو ہرلحاظ سے ریلیف فراہم کرنے کی کوششیں کرتی ہیں مگر لاالٰہ الااللہ کے نام پربننے والے ملک میں خوب لوٹ مار کی جاتی ہے،رمضان المبارک کے قریب آتے ہی ناجائزمنافع خور،گرانفروش اور ذخیرہ اندوز حکومتی نمائندوں کی ملی بھگت سے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کے لیے پوری طرح سرگرم ہوجاتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ اضافہ کو فوری طور پر واپس لیا جائے ۔