یمن،حوثی باغی بیلسٹک میزائل اور دیگراسلحہ چھوڑ کر فرار،فوج کا بھاری مقدار میں اسلحہ اور مال غنیمت پرہاتھ صاف

جمعرات 31 مئی 2018 22:55

صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 مئی2018ء) یمن کے مغربی ساحلی شہر الحدیدہ میں حوثی باغی بیلسٹک میزائل اور دیگراسلحہ چھوڑ کر فرار ہو گئے، یمنی فوج کو بھاری مقدار میں اسلحہ اور مال غنیمت ہاتھ لگ گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن کے مغربی ساحلی شہر الحدیدہ میں باغیوں کے خلاف آپریشن کے دوران یمنی فوج نے مال غنیمت میں بھاری اسلحہ اور گولہ بارود حاصل کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایران نواز حوثی شدت پسند الدریھمی ڈاریکٹوریٹ سے پسپائی کے بعد اسلحہ اور گولہ بارود چھوڑ کر فرار ہوگئے۔العربیہ ڈٹ نیٹ کے مطابق الدریھمی کے مقام سے ملنے اسلحہ میں بیلسٹک میزائل اور بحری جہازوں کو نشانہ بنانے والے میزائل بھی شامل ہیں۔یمنی فوج کی طرف سے باغیوں کے قبضے سے حاصل کردہ اسلحہ کی ایک فوٹیج جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ باغی اس اسلحہ کو جہاز رانی میں رکاوٹ ڈلنے اور بحری جہازوں پر حملوں کے لیے استعمال کرنا چاہتے تھے۔

(جاری ہے)

فرار ہونے والے باغیوں کے قبضے سے دو بیلسٹک میزائل بھی ملے ہیں جنہیں مبینہ طورپر سرکاری فوج، حکومتی مراکز یا سعودی عرب پر حملوں کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔خیال رہیکہ حوثی باغی الدریھمی سے بحر احمر میں بحری جہازوں اور المخا اور الخوخہ کے علاقوں میں حکومتی تنصیبات پرحملے کرتے رہے ہیں۔الدریھمی جو کہ الحدیدہ شہر سے 18 کلو میٹر کی مسافت پر ہے کی فوٹیج میں باغیوں کی شکست اور ان کے فرار کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔ یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سرکاری فوج اور عرب اتحادی فوج تیزی کے ساتھ الحدیدہ شہر کے مرکز کی طرف بڑھ رہی ہیں۔