متحدہ عرب امارات،پاکستان سمیت 5ممالک کے 28مجرمان کو 284سال قید کی سزا

مجرمان پر فراڈ ،دھوکا دہی اور منی لانڈرنگ جیسے الزامات ثابت ہو گئے،عدالتی فیصلہ

جمعرات مئی 22:55

ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 مئی2018ء) متحدہ عرب امارات کی فوجداری عدالت نے پاکستان سمیت 5ممالک سے تعلق رکھنے والے 28مجرمان کو مجموعی طور پر 284سال قید کی سزا سنا دی،مجرمان پر فراڈ ،دھوکا دہی اور منی لانڈرنگ جیسے الزامات ثابت ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظبی میں ایک فوجداری عدالت نے پانچ ممالک سے تعلق رکھنے والے 28 افراد کو 17 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز کے سرمایہ کاری اسکینڈل میں قصور وار قرار دے دیا ہے اور انھیں مجموعی طور پر 284 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے فراڈ ،دھوکا دہی اور منی لانڈرنگ سے یو اے ای کے بنکوں سے مذکورہ رقوم اینٹھ لی تھیں۔ان 28 مدعا علیہان کا تعلق امریکا ، بھارت ، پاکستان ، روس اور کینیڈا سے ہے۔۔عدالت کے فیصلے کے مطابق ان میں سے آٹھ مدعاعلیہان کو 15 ، 15 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔10 کو 10،10 سال ، نو کو اپنے بنک کھاتوں میں رقوم منتقل کرنے کے جرم میں سات ، سات سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔۔عدالت نے ایک مجرم کو ایک سال قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔قید کی مدت پوری ہونے کے بعد انھیں یو اے ای سے بے دخل کردیا جائے گا۔