بٹگرام، محکمہ خوراک کا گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 34 دکانداروں کو بھاری جرمانہ

جمعرات 31 مئی 2018 23:00

بٹگرام(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 مئی2018ء) محکمہ خوراک کا گراں فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 34 دکانداروں کو بھاری جرمانہ کردیا گیا،بٹگرام، آلائی، تھاکوٹ اور کوزہ بانڈہ کے بازاروں میں چھاپوں کے دوران ہزاروں روپے کے جرمانے عائد کرکے قومی خزانے میں جمع کرادیئے گئے ،20اشیاء کے سمپل حاصل کرکے ٹیسٹ کیلئے پشاور لیبارٹری ارسال،گراں فروشوں کو اب جیل جانا پڑے گا ڈی ایف سی سید وزیر شاہ ۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سید وزیر شاہ نے اپنے سٹاف کے ہمراہ بٹگرام، آلائی، تھاکوٹ اور کوزہ بانڈہ بازارپر اچانک چھاپے لگائے چھاپوں کے دوران مہنگے داموں اور ناقص اشیاء فروخت کرنے والے 34 دوکانداروں کیخلاف مقدمات درج کرلیئے گئے جبکہ ان سے ہزاروں روپے کے جرمانے حاصل کرکے قومی خزانے میں جمع کرادیئے گئے، اس موقع پر 20 دوکانداروں کیخلاف متعلقہ تھانہ جات میں مقدمات بھی درج کرالیئے گئے ہیں جبکہ 20 عدد اشیاء کے نمونے حاصل کرکے ٹیسٹ کیلئے پشاور لیبارٹری کو ارسال کردیئے گئے ہیں جن کے نتائج آنے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا،ڈی ایف سی سید وزیر شاہ نے چھاپوں کے دوران بڑی مقدار میں مختلف غیرمعیاری اشیاء جس میں دودھ، مصالحہ، چائے، گھی، پاپڑ، بسکٹ، ٹافی، چورن وغیرہ شامل ہیں ضبط کرلیئے ہیں اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے۔

(جاری ہے)

ڈی ایف سی سید وزیر شاہ نے کہا کہ رمضان المبارک کیلئے محکمہ خوراک نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو کہ معمول کے مطابق بازاروں پر چھاپے لگا رہی ہے، رمضان المبارک میں گراں فروشوں اور ناقص اشیاء فروخت کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اب بٹگرام شہر میں گراں فروشوں اور ناجائز منافع خوروں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے انھوں نے مزید کہا کہ عوام کے تعاون سے ہی شہر میں غیر معیاری اشیاء اور گراں فروشی کا سد باب ممکن ہے اگر عوام اس معاملے میں محکمہ خوراک سے تعاون کریں اور محکمہ ہذا کو اپنی شکایات درج کرائیں تو انشائاللہ ہم اس پر سختی سے ایکشن لیں گے اور غفلت کے مرتکب دوکانداروں کیخلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائیں گے ۔