وزیراعظم کی جانب سے ملک میں توانائی بحران کے خاتمہ کا اعلان مضحکہ خیز ہے، ممتازسہتو ایڈووکیٹ

جمعرات 31 مئی 2018 23:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 مئی2018ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتوایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ جہاں وزیراعظم کی جانب سے ملک میں توانائی بحران کے خاتمہ کا اعلان مضحکہ خیز اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے، اس وقت بھی حکومتی دعووں کے برعکس اور سحر وافطار کے باجود ماہ مقدس کے دوران شہر میں 8اور دیہات میں14گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

اس صورتحال نے عوام کو ذہنی مریض بناکر رکھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے جمعرات کو ایک بیان میں مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اپنے منشور اور انتخابی مہم کے دوران ملک سے توانائی بحران کے خاتمے کا خاص طور پر اعلان کیا تھا مگر اپنی مدت پوری کرنے کے باوجود وہ دیگر وعدوں کی طرح قوم کو بجلی بحران سے نجات دلانے کا وعدہ بھی پورا نہیں کرسکی اور شہری بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کی اذیت ناک صورتحال سے باہر نہیں نکل سکے۔مسلسل جھوٹ اور قوم کو سبز باغ دکھانے والے حکمران ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔عوام کو اپنی قسمت بدلنے ،ملکی خوشحالی سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے آئندہ انتخابات میں مخلص ودیانتدار قیادت کا انتخاب کرنا ہوگا۔