بلوچستان میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر تاحال اتفاق نہیں ہوسکا

اگر نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق نہ ہوسکا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کردیاجائے گا،عبدالرحیم زیارتوال

جمعرات 31 مئی 2018 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 مئی2018ء) بلوچستان میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر تاحال اتفاق نہیں ہوسکا ،وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ہونے والے تین ملاقاتوں میں حکومت علائو الدین مری اور پرنس احمد علی جبکہ اپوزیشن لیڈر قاضی اشرف اور اسلم بھوتانی کے ناموں پر بدستور ڈٹے ہوئے ہیں،اس سلسلے میں ہونے والی تینوں ملاقاتیں بے نتیجہ ثابت ہوئی ہیں ۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور اپوزیشن لیڈر عبدالرحیم زیارتوال کے درمیان نگراں وزیراعلیٰ کے حوالے سے ایک اور ملاقات متوقع ہے حکومت کی جانب سے علائوالدین مری جبکہ اپوزیشن لیڈر کی جانب سے اسلم بھوتانی کو فیورٹ امیدوار قراردیاجارہاہے مذاکرات ناکام ہونے کی صورت میں معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلاجائے گا،اس سلسلے میں اپوزیشن لیڈر عبدالرحیم زیارتوال کاکہناہے کہ انہیں نہیں لگتا کہ موجودہ صورتحال میں حکومت اور اپوزیشن کا نگراں وزیراعلیٰ پر اتفاق ہوسکے گا نگران سیٹ اپ لانے کیلئے حکومت کے پاس اسمبلی مدت ختم ہونے کے بعد بھی تین دن کا وقت ہوا کرتاہے ، اگر نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق نہ ہوسکا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کردیاجائے گا،پارلیمانی کمیٹی کیلئے 2اراکین کے نام حکومت جبکہ 2اپوزیشن کی جانب سے دئیے جائیںگے 4اراکین پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی نگراں وزیراعلیٰ کافیصلہ کریگی اگر پارلیمانی کمیٹی بھی کوئی فیصلہ نہ کرسکی تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا۔