پولیس سپاہیوں کی سرکی روڈ پر ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں ،پشتونخواملی عوامی پارٹی

جمعرات 31 مئی 2018 23:27

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2018ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں گزشتہ روز پولیس سپاہیوں کی سرکی روڈ پر ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تسلسل کے ساتھ کوئٹہ شہرمیں مختلف مکتبہ فکر کے افراد اور پولیس افیسروں کے ساتھ ساتھ اب پولیس سپاہیوں کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ کا واضح مقصد کوئٹہ شہر کے بلا تمیز تمام عوام پر دہشت اور خوف وہراس مسلط کرکے انہیں ترقی وخوشحالی اور اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی جدوجہد سے دستبردار کرنے کی ناکام سازشیں ہیں۔

چنددن پہلے جمعیت کے ضلعی رہنماء کی ٹارگٹ کلنگ کا المناک واقعہ اور اس سے پہلے مخصوص عرصے کے دوران بالترتیب ہونیوالے المناک اور دردناک واقعات سے مسلسل یہ ثابت ہورہا ہے کہ عوام دشمن دہشتگرد عناصر ، ان کے نیٹ ورک اور سہولت کار موجود ہیں اور وہ شہر کے مختلف علاقوں میں وحشت اور بربریت پر مبنی انسانیت دشمن واقعات کے مرتکب ہورہے ہیں اور مختلف مکتبہ فکر کے معصوم افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ ساتھ پولیس افیسروں اور ان کے سپاہیوں کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ کا واضح مقصد عوام کی حفاظت پر مامور عوامی فورس کے مورال اور صلاحیت کو ختم کرکے ہر گلی وکوچے میں ان عوام دشمن عناصر کے خلاف ڈٹ جانیوالی قوت کو ختم کرنے کی سازش ہے تاکہ یہ دہشتگرد عناصر اپنے ناروا عزائم کی تکمیل کیلئے ہر علاقے میں نچلی سطح پر عوام پرخدانخواستہ اپنا خوف وہراس اور ناروا بالادستی قائم کرنے میں کامیاب ہو اور مزید اپنی ناروا سازشوں کو پھیلانے کا کام کرسکے۔

(جاری ہے)

بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ صوبائی حکومت اوربالخصوص ان کے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی یہ صلاحیت اور وسائل موجود ہیں کہ وہ ایسے عوام دشمن انسانیت دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کرکے بلا تمیز تمام عوام کے سرومال کی تحفظ کویقینی بنائیں۔ لیکن قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی مسلسل کوششوں اور قربانیوں کے باوجود ایسے المناک اور ناقابل برداشت واقعات کا رونماء ہونا قابل افسوس اور قابل گرفت ہے۔

لہٰذا حکومت اور متعلقہ تمام اداروں کو روزانہ کی بنیاد پر ایسی حکمت عملی اور تدابیر لازماً اختیار کرنے ہونگے کہ ان انسانیت دشمن عناصر کے خلاف بروقت کارروائی جاری رکھے ورنہ کوئٹہ کے غیور عوام کو اپنی حفاظت کے ساتھ ساتھ اپنے کاروبار زندگی اور اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے طویل احتجاج کے ساتھ ساتھ اپنے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا ۔ بیان میں ضلع کوئٹہ کے عوام سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ ہر مکتبہ فکر کے لوگ اس منصوبہ بند سازش کو سمجھتے ہوئے اس کیخلاف بھرپور آواز بلند کرے اور ایک دوسرے کے دست وبازو بن کر اور متحد ومنظم ہوکر اپنا تاریخی اور قومی فرض ادا کرے۔